پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی کسی بھی نام نہاد معطلی یا اس سے انحراف کی بھارتی کوشش غیر قانونی، یکطرفہ اور بین الاقوامی قانون کے منافی ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پانی کو سیاسی دباؤ یا جبر کے آلے کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور بھارت کی جانب سے دریاؤں کا رخ موڑنے کے منصوبوں کے خلاف تزویراتی مذاکرات میں چین کی شمولیت کی حمایت کرتا ہے۔
سکیورٹی کارروائیاں اور ڈرون
سرحدی سکیورٹی کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ افغانستان کی جانب سے بھیجے گئے ڈرونز کو پاکستان کے دفاعی اداروں نے فوری طور پر ٹریک کر کے کامیابی سے نیوٹرلائز کر دیا۔ اس کے جواب میں خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کراچی میں حالیہ حملوں کے بعد پاکستان نے غضب للحق آپریشن کے تحت افغانستان میں جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں پر انتہائی درست فضائی کارروائیاں کیں، جن میں 29 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ان حملوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد پر افغان ناظم الامور کو طلب کر کے باضابطہ ڈی مارش بھی دیا گیا۔ مزید برآں، بھارتی پراکسی تنظیم ’فتنہ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے بھی 3 دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔
امریکا ایران مذاکرات اور پاکستان
ترجمان دفتر خارجہ نے انکشاف کیا کہ پاکستان اور قطر کی ثالثی میں دوحہ کے مقام پر امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ہونے والے ان مذاکرات کا اگلا دور ایران کے سابق سپریم لیڈر کی تدفین کے بعد ہوگا۔
اسی سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف 3 سے 5 جولائی تک ایران اور ترکیہ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ایران میں تعزیتی تقریبات میں شرکت کے بعد ترکیہ میں کاروباری کانفرنس کا حصہ بنیں گے۔ اس دوران پاکستان نے بحری ذرائع سے اب تک 70 سے زائد ایرانی شہریوں کو بحفاظت ان کے وطن واپس بھیجا ہے۔
قیدیوں کی فہرستیں
پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی تازہ فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا ہے، جس کے مطابق بھارت میں 700 سے زائد پاکستانی قید ہیں جبکہ بھارتی فہرست میں 400 نام درج ہیں۔ صومالیہ میں یرغمال پاکستانیوں کے حوالے سے انہوں نے تصدیق کی کہ یورپی یونین فورسز کے مطابق تمام یرغمالی زندہ ہیں اور ان کی رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
فاروق آباد گردوارہ منہدم کیے جانے کے بھارتی واویلے پر ترجمان نے کہا کہ وہ عمارت مخدوش اور غیر استعمال شدہ تھی، تاہم بغیر اجازت کارروائی کرنے والے کرایہ دار کو بے دخل کر کے بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، لہٰذا بھارت ہمیں اقلیتوں کے حقوق پر لیکچر نہ دے۔
دیکھیے: سندھ طاس معاہدے میں چین کو شامل کر کے نیا عالمی فریم ورک بنایا جائے، وکٹر گاؤ