نئی دہلی: بھارت کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ کڈن کولم کی انتہائی حساس اور خفیہ دستاویزات ڈارک ویب پر لیک ہو گئی ہیں، جس نے بھارتی سکیورٹی اداروں میں کھلبلی مچا دی ہے۔
اسٹریٹکام بیورو کی رپورٹ کے مطابق ڈارک ویب پر سامنے آنے والے حساس مواد میں کڈن کولم نیوکلیئر پاور پلانٹ کے وینٹی لیشن سسٹم کے مبینہ نقشے اور کنٹرول روم کے فلور پلان بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لیک ہونے والے ڈیٹا میں کڈن کولم نیوکلیئر پاور پلانٹ سے متعلق تقریباً 19 ہزار فائلیں شامل ہیں، جو مبینہ طور پر 8 لاکھ 58 ہزار فائلوں پر مشتمل ایک بہت بڑے ڈیٹا ذخیرے کا حصہ ہیں۔
دعوے کے مطابق ورلڈ لیکس رینسم ویئر گروپ نے یہ انتہائی حساس ڈیٹا بھارتی بزنس ٹائیکون انیل امبانی کے ریلائنس گروپ کے سسٹم کو ہیک کر کے حاصل کیا ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں نے اس پیش رفت کو بھارت کی قومی اور ایٹمی سیکیورٹی کے لیے ایک انتہائی خطرناک سیکیورٹی بریچ قرار دیا ہے، جس سے اس حساس ترین جوہری پلانٹ کی سیکیورٹی شدید خطرات سے دوچار ہو سکتی ہے۔