پاکستان نے مقبوضہ بیت المقدس میں اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے امدادی ایجنسی اونرواکے قلندیہ ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کو اسرائیلی حکام کی جانب سے زبردستی خالی کرانے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیلی قابض حکام نے مرکز پر دھاوا بول کر وہاں موجود اونروا عملے کو نکال دیا اور انہیں دوبارہ داخل ہونے سے روک دیا۔ پاکستان نے اس اقدام کو بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے اداروں کو حاصل مراعات و استثنیٰ اور فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
پاکستان نے کارروائی میں اسرائیلی حکام، بالخصوص دائیں بازو کے وزیر ایتامار بن گویر کی شرکت کی بھی مذمت کی۔ وزارت خارجہ کے مطابق یہ اقدام مقبوضہ یروشلم میں اقوام متحدہ کی موجودگی کو کمزور کرنے کی اسرائیلی کوششوں میں مزید اضافہ ہے۔
وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ مقبوضہ بیت المقدس فلسطینی سرزمین کا حصہ ہے اور اسرائیل کو شہر کی قانونی حیثیت تبدیل کرنے یا اقوام متحدہ کی تنصیبات میں مداخلت کا حق حاصل نہیں۔
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اونروا کی تنصیبات اور عملے کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے اور اسرائیل کو اقوام متحدہ کی تنصیبات پر قبضہ یا اس کی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے سے روکے۔
دیکھیے: اسرائیل کا بیت المقدس میں نئی آبادکاری کا منصوبہ، او آئی سی کی شدید مذمت