بلوچستان میں ترقیاتی سرگرمیوں اور امن و امان کو متاثر کرنے کی ایک اور بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ ضلع دکی سے نجی تعمیراتی کمپنی کے اغوا شدہ تمام 11 مزدوروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 26 ستمبر کو نانا صاحب زیارت کیمپ کے مقام پر کالعدم تنظیم بی ایل اے کے کارندوں نے ایک تعمیراتی کمپنی کی سائٹ پر حملہ کیا تھا۔ اس دوران پنجاب سے تعلق رکھنے والے 11 غریب مزدوروں کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں نے مغویوں کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر مشترکہ کارروائیاں شروع کیں۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے دن رات انتھک محنت کرتے ہوئے ممکنہ تمام راستوں کی ناکہ بندی کی اور جدید تکنیکی ذرائع استعمال کیے۔
سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کی مسلسل اور انیتھک کوششوں کے نتیجے میں بالاخر تمام مغوی مزدوروں کی بحفاظت بازیابی ممکن ہو گئی۔ بازیاب ہونے والے تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے عملے کی تحفظ کے لیے علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں جاری ترقیاتی سفر کو کسی صورت رکنے نہیں دیا جائے گا۔