وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے، پاکستان تحریک انصاف کو اسلام آباد آکر امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کوہاٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کبھی پُرامن احتجاج نہیں کرتی۔ ان کے بقول پُرامن لوگ گھروں سے کیل لگے ڈنڈے لے کر نہیں نکلتے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ مظاہرین کو اسلام آباد آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔
خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید
وفاقی وزیر نے کہا کہ کوہاٹ واقعے کے وقت وزیراعلیٰ کے پی لاہور میں پوائنٹ اسکورنگ کر رہے تھے۔ ان کے پاس صوبے کے عوام کے لیے وقت نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ نے صرف پندرہ منٹ ہیلی کاپٹر کا چکر لگایا۔ صوبائی حکومت صرف سوشل میڈیا پر پوسٹیں لگانا جانتی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں فرانزک لیب تک موجود نہیں ہے۔ من پسند افراد کو ٹھیکے دیے جا رہے ہیں۔ جنگلات کاٹے جا رہے ہیں اور وسائل کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔
دیکھیے: اسلام آباد پر دھاوا بولنے والوں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا: محسن نقوی





