برازیل کی مسلح افواج کے اعلیٰ سطحی وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں وفد کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریئر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سکیورٹی، باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان برازیل دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برازیلی مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریئر کی سربراہی میں وفد جی ایچ کیو پہنچا۔ اس موقع پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برازیل کے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کی تعریف
ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریئر نے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاک مسلح افواج کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔