سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان انٹرنیشنل کے نام سے ایک مشکوک اکاؤنٹ سرگرم ہو گیا ہے، جو مبینہ طور پر بھارتی ایجنٹوں کے گٹھ جوڑ سے وسطی ایشیا یا افغانستان سے آپریٹ کیا جا رہا ہے۔ اس اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستان مخالف پراپیگنڈا اور من گھڑت مواد کی اشاعت کا سلسلہ جاری ہے۔
دستاویزات اور ڈیجیٹل فٹ پرنٹس کے مطابق، مذکورہ اکاؤنٹ رواں برس جون میں تخلیق کیا گیا تھا۔ اکاؤنٹ کی مینول لوکیشن پاکستان ظاہر کی گئی ہے جب کہ اس کی تکنیکی لوکیشن اور سرگرمیوں کے جائزے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسے پاکستان سے باہر بیٹھ کر دانستہ طور پر چلایا جا رہا ہے۔
سیکورٹی ذرائع اور ڈیجیٹل ریسرچ کے مطابق اس نیٹ ورک کے پیچھے غیر ملکی عناصر اور خصوصاً بھارتی ایجنڈے پر کام کرنے والے کردار ملوث ہیں۔
اس اکاؤنٹ پر روزانہ کی بنیاد پر بڑی تعداد میں جھوٹی اور بے بنیاد خبریں شیئر کی جا रही ہیں۔ فیک نیوز پھیلانے کے اس گھناؤنے کھیل میں پانچ سے چھ سال پرانی پرانی ویڈیوز کو نئے تناظر میں پیش کیا جا رہا ہے تاکہ عوام میں گمراہ کن تاثر پیدا کیا جا سکے۔
تجزیے سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ اس اکاؤنٹ کے فالوورز کی اکثریت مصنوعی باٹس پر مشتمل ہے یا پھر ان کا تعلق یورپ اور امریکہ کے مختلف شہروں سے ہے، جنہیں منظم طریقے سے اس اکاؤنٹ کی رسائی بڑھانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
متعلقہ حلقوں کی جانب سے اس نیٹ ورک کے پیچھے موجود اصل کرداروں اور ان کی شناخت کو بے نقاب کرنے کے لیے کام جاری ہے، اور بہت جلد اس اکاؤنٹ کو چلانے والوں کی ذاتی تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں گی۔





