میر رضا علی قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔ سندھ حکومت نے کیس کی مزید تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) سمیت 3 تحقیقاتی کمیٹیاں تشکیل دینے کے اقدامات کیے ہیں، جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر کو معطل کردیا گیا ہے۔
جے آئی ٹی کی سربراہی ڈی آئی جی عرفان بلوچ کریں گے۔ ٹیم میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، پاکستان رینجرز سندھ اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے سینئر نمائندے شامل ہوں گے۔
سندھ حکومت نے متعلقہ اداروں کو خطوط لکھ کر ان کے نمائندے نامزد کرنے کی درخواست کی ہے۔
کمیٹی کی تجویز
جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کے گریڈ 20 یا اس سے اوپر کے افسر کی سربراہی میں ایک اور کمیٹی بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں سندھ حکومت نے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھ کر ایف آئی اے کے سینئر افسر کی نامزدگی کی درخواست کی ہے۔ مجوزہ کمیٹی میں ڈی آئی جی عرفان علی بلوچ اور ڈی آئی جی نعیم احمد شیخ بھی شامل ہوں گے۔
پولیس افسران کا کردار
سندھ حکومت نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار علی لاڑک پر مشتمل ایک رکنی تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔ کمیٹی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں نامزد پولیس افسران اور اہلکاروں کے کردار کا جائزہ لے گی۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ اس معاملے میں کمیٹی کی معاونت کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کو چار نکات پر تحقیقات کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان میں نامزد افسران اور اہلکاروں کی صلاحیتوں اور کارکردگی کا جائزہ، مجموعی پولیسنگ کی کارکردگی کا تعین اور جائے وقوع کو جلائے جانے کے معاملے میں انسپکٹر غوث کے کردار کی مزید تحقیقات شامل ہیں۔
کمیٹی اپنی تحقیقات کے نتائج اور سفارشات پر مشتمل رپورٹ آئی جی سندھ کو پیش کرے گی۔
کارروائی کی سفارش
محکمہ داخلہ سندھ نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں نامزد پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے لیے آئی جی سندھ کو خط بھی ارسال کردیا ہے۔ اس کے ساتھ جوڈیشل کمیشن کے مشاہدات اور کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی سفارشات بھی بھیج دی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ نے اس معاملے پر سیکرٹری صحت کو بھی خط لکھا ہے۔
کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے میر رضا علی کا ابتدائی پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر اسامہ شیخ کو عہدے سے ہٹانے اور دو سالہ تربیت کے لیے بھیجنے کی سفارش کی تھی۔ محکمہ صحت نے ڈاکٹر اسامہ شیخ کو معطل کردیا ہے۔





