پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک آج سی پیک کے تحت چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا افتتاح کریں گے۔ چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ماؤ ننگ کے ہمراہ چینی وزارتِ اطلاعات اور وزارتِ خارجہ کے حکام بھی پاکستان آئے ہیں۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ، سفارت خانے کے عملے اور پاکستانی حکام نے ان کا استقبال کیا۔
پاکستانی حکام سے ملاقاتیں
ماؤ ننگ آج شام پاکستان چائنا فرینڈشپ سینٹر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کریں گی، جہاں چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا افتتاح کیا جائے گا۔ یہ تقریب پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا حصہ ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان کی پاکستانی وزارتِ خارجہ کے دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ وہ ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان سے بھی ملاقات کریں گی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا مقصد میڈیا اور اسٹریٹجک ابلاغ کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے۔ اس کے ذریعے معلومات کے تبادلے، عوامی سفارت کاری اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان بھی باہمی مشاورت کریں گے۔ اس کے علاوہ چین کے ایک اور وفد کے دورۂ پاکستان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔





