ٹانک اور پشاور میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 10 خوارج اور دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ ٹانک میں 16 خوارج زخمی ہوئے۔ پشاور میں پاک فوج اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کی۔
ٹانک کے علاقے جنڈولہ میں پیر تنگی کے مقام پر سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے نتیجے میں پانچ خوارج ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔
پشاور میں آذہ خیل روڈ کے قریب اخون بابا قبرستان کے علاقے میں پاک فوج اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کی۔ یہ علاقہ متنی پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ہے۔
کارروائی کے دوران مسلح تصادم میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ریاض عرف خزیفہ ولد ناصر، ذاکر عرف عدنان ولد ناصر، اویس ولد شہزاد، منیب عرف لونانے ولد منیر اور ابن امین عرف محمدی ولد گلستان کے ناموں سے ہوئی۔
ان میں سے تین کا تعلق مریم زئی، ایک کا متنی اور ایک کا ساری کھوڑہ سے بتایا گیا ہے۔
پشاور میں کارروائی کے دوران ایک آر پی جی سیون لانچر، ایک راکٹ، دو دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز)، دو سب مشین گنز، دو پستول اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق پشاور میں کارروائی کے دوران سکیورٹی اہلکار محفوظ رہے، جبکہ علاقے میں نگرانی اور سرچ سرگرمیاں جاری ہیں۔





