لوئر جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور افغان طالبان کی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں۔ یہ پیش رفت افغان طالبان کی جانب سے مقامی آبادی پر کی جانے والی بلااشتعال فائرنگ کے بعد سامنے آئی ہے۔
مقامی رہائشیوں نے تصدیق کی ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے سرحدی علاقے کے عام شہریوں اور ان کے گھروں کو اندھا دھند فائرنگ اور گولہ باری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
افغان فورسز کی اس کارروائی کے جواب میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھی فوری اور مؤثر جوابی اقدام کرتے ہوئے طالبان کے مواضع کو نشانہ بنایا ہے۔ سرحدی علاقے میں دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال جاری ہے اور صورت حال انتہائی کشیدہ بتائی جاتی ہے۔





