فرانسیسی رکن یورپی پارلیمنٹ منیر ستوری نے یورپی پالیسی کے تضاد پر تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ افغان طالبان کے ساتھ تعاون کی کوششیں یورپ کی بنیادی اقدار کے منافی ہیں۔ انہوں نے یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان حکومت کے ساتھ روابط معمول پر لانے کے اقدامات فوری طور پر ترک کریں۔
یورپی یونین نے طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا اور فرانس سمیت رکن ممالک کے ان سے سرکاری سفارتی تعلقات بھی نہیں ہیں۔ اس کے باوجود جرمنی کی اتحادی حکومت نے اگست میں طالبان وفد کی میزبانی کی، جبکہ برسلز میں 23 جون کو 15 رکن ممالک اور یورپی کمیشن کے نمائندوں نے طالبان وفد سے ملاقات کی۔
منیر ستوری کے مطابق طالبان نے تعاون کے بدلے یورپی ممالک میں سفارت خانے چلانے اور 2021 سے معطل شدہ معاشی امداد کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان مطالبات کو تسلیم کرنا طالبان حکومت کو عملاً قبول کرنے کے مترادف ہے، حالانکہ طالبان نے لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔
انہوں نے افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم پر پابندیوں، صحافیوں کی سرکوبی اور اقلیتوں کی مبینہ بدسلوکی کے ماحول میں طالبان سے تعاون کو سفارت کاری قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ طالبان کو عالمی سطح پر قانونی حیثیت دینے سے مکمل گریز کیا جائے۔





