افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے زیر کنٹرول د افغانستان بینک (افغان مرکزی بینک) کے متعدد ملازمین کو گزشتہ تین ہفتوں سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، جبکہ ایک ملازم نجیب کو نامعلوم مسلح افراد نے قتل کر دیا۔
افغان میڈیا ادارے ہشتِ صبح ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق دھمکیوں کا سامنا کرنے والے ملازمین سابق افغان حکومت کے دور سے بینک میں کام کر رہے ہیں۔ انہیں دفتر سے گھر جاتے ہوئے تعاقب کا سامنا ہے اور گھروں پر دھمکی آمیز خطوط بھی موصول ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نجیب کو 13 نومبر کو نمازِ مغرب کے بعد کابل کے علاقے کوٹہ سنگی میں اس وقت قتل کیا گیا جب وہ روٹی خریدنے کے لیے بیکری جا رہے تھے۔ وہ بینک کے چیک کلیئرنس شعبے میں کام کرتے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بینک انتظامیہ کو ملازمین کو ملنے والی دھمکیوں کا علم ہے، تاہم اب تک کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ نجیب کے قتل کے بعد بعض دھمکیوں کا سامنا کرنے والے ملازمین کے لیے بینک نے گھر اور دفتر آنے جانے کی گاڑیاں فراہم کیں، لیکن تین روز بعد یہ سہولت بھی ختم کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق دھمکیاں دینے والے افراد لینڈ کروزر گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں اور ملازمین کے گھروں پر دھمکی آمیز پیغامات چھوڑ جاتے ہیں۔ ایک خط میں ملازم کو خبردار کیا گیا کہ اس بار تو وہ بچ گیا، لیکن آئندہ نہیں بچ سکے گا۔
ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بعض کمپنیوں کے چیک مسترد ہونے پر بینک ملازمین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، حالانکہ چیک مسترد کرنے کا فیصلہ اعلیٰ حکام کرتے ہیں اور متعلقہ ملازمین صرف انتظامی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔ دوسری جانب طالبان کے انٹیلی جنس اور سکیورٹی اداروں کی کارروائی سے متعلق بھی کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئیں۔
یہ واقعات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب طالبان نے کابل میں افغان یونائیٹڈ بینک کی رقم لے جانے والی گاڑی پر حملے میں ملوث تین مسلح افراد کو ایک کارروائی کے دوران ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس حملے میں بینک کے دو ملازمین بھی ہلاک ہوئے تھے، جبکہ کچھ رقم لوٹ لی گئی تھی۔
رپورٹ میں اس سے قبل نیو کابل بینک کی احمد شاہ بابا مینا برانچ سے 15 لاکھ افغانی غائب ہونے کا انکشاف بھی کیا گیا تھا۔





