نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کا جائزہ لیا اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ پرتگالی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال اور عالمی امن پر بھی گفتگو ہوئی۔ پاؤلو رینجل نے علاقائی امن و استحکام اور عالمی تنازعات کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کے 77 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ترجیح ہے۔
پرتگالی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ 19 سال بعد وزارتی سطح پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں اور غزہ کے معاملے پر پاکستان کا کردار بھی قابلِ تعریف ہے۔





