پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی اپنی جگہ، لیکن مذہب اور عقیدت کے رشتے سرحدوں کے فاصلے کم کرنے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے 2 ہزار 339 بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین قمر زمان، سیکریٹری ناصر مشتاق، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر اور صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا سمیت دیگر حکام نے یاتریوں کا خیرمقدم کیا۔ ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ عامر ہاشمی کے مطابق بھارتی یاتریوں کی آمد کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ امیگریشن اور سامان کی جانچ پڑتال کے لیے اضافی کاؤنٹرز قائم کیے گئے اور سیکیورٹی کے لیے رینجرز اہلکار تعینات کیے گئے۔
پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے اس موقع پر بھارتی سکھ یاتریوں کو تقریباً 3 ہزار 100 ویزے جاری کیے تھے۔ واہگہ بارڈر پر کرنسی کی تبدیلی، شناختی کارڈز اور بس ٹکٹوں کی فراہمی کا انتظام بھی کیا گیا۔ یاتریوں کو سخت سکیورٹی میں تین الگ الگ قافلوں کی صورت میں ننکانہ صاحب روانہ کیا گیا، جہاں 24 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان میں مرکزی تقریب منعقد ہوگی۔
تقریبات کا آغاز 23 نومبر سے ہوگا اور 24 نومبر تک جاری رہیں گی، جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے 20 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس دوران بھوگ، اکھنڈ پاٹھ صاحب اور روایتی پالکی جلوس نگر کیرتن سمیت مختلف مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔ مرکزی تقریب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سمیت دیگر حکومتی شخصیات بھی شریک ہوں گی۔
شیڈول کے مطابق یاتری 25 نومبر کو فاروق آباد میں گوردوارہ سچا سودا، اس کے بعد حسن ابدال میں گوردوارہ پنجہ صاحب جائیں گے۔ 27 نومبر کو گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کا دورہ کریں گے، جبکہ 29 اور 30 نومبر کو لاہور کے تاریخی گوردواروں کی زیارت کریں گے۔ یکم دسمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہوں گے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا نے بھارتی حکومت سے کرتارپور راہداری فوری طور پر دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان چار روزہ کشیدگی کے دوران کرتارپور راہداری سے آمدورفت معطل کردی گئی تھی۔
عقیدت کے رشتے سرحدوں کے پابند نہیں ہوتے۔ بھارتی سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد اس بات کی یاد دہانی ہے کہ مذہبی مقامات، ثقافتی ورثہ اور باہمی احترام دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایسے مواقع پر سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ مذہبی آزادی اور محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔ کرتارپور راہداری کی بحالی اس سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔





