مسلح افواج کے سربراہان نے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی کامیابی کو قومی فخر قرار دیتے ہوئے قوم، سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے تاریخی کامیابی پر قوم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی پاکستان کے پہلے خلا باز اور چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔ ان کی خلائی مشن میں شرکت پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں اہم سنگ میل ہے۔
ترجمان پاک فوج نے سپارکو کے سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی ٹیموں کی محنت اور پیشہ ورانہ خدمات کو بھی سراہا۔
بیان میں تاریخی خلائی مشن کی کامیابی میں چین کی قیادت، حکومت اور عوام کے تعاون پر اظہار تشکر کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک چین دوستی زمین کی حدود سے آگے خلا تک نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ انسانی خلائی سفر میں پاکستان کی شمولیت ملکی افرادی قوت، سائنسی صلاحیت اور تکنیکی استعداد کا مظہر ہے۔ یہ کامیابی نوجوان نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔
مسلح افواج نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کی کامیاب مشن کے بعد بحفاظت زمین پر واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔





