وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے سیاسی طرزِ عمل اور رانا ثناء اللہ سے متعلق ریمارکس پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کے مرکز کے قریب ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کو روند کر آگے بڑھا جائے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ محسن نقوی کو دھمکی نہیں دینی چاہیے تھی۔ دھمکی آمیز زبان سیاسی رویہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں سے متعلق معاملات محسن نقوی نے جس انداز میں نمٹائے، اس پر پارٹی میں بے چینی پائی جاتی ہے۔
وزیر دفاع نے 27ویں آئینی ترمیم زبردستی منظور کرانے کے تاثر کو سیاسی بددیانتی قرار دیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس ترمیم کا سب سے بڑا فائدہ صدر آصف علی زرداری کو حاصل ہوا، جنہیں تاحیات استثنیٰ دیا گیا ہے۔
ان کے یہ بیانات حکومتی اور اتحادی حلقوں میں جاری سیاسی اختلافات اور صوبوں سے متعلق معاملات پر سامنے آئے ہیں۔





