دوا کی فوری پہچان؛ وزیراعظم نے محفوظ دوا ایپ متعارف کرا دی

محفوظ دوا ایپ کے ذریعے شہری بارکوڈ اسکین کرکے ادویات کی اصلیت، قیمت اور دستیابی معلوم کر سکیں گے۔
جعلی ادویات کی شناخت اب موبائل سے ممکن، محفوظ دوا ایپ متعارف

محفوظ دوا ایپ متعارف، شہری بارکوڈ اسکین کرکے دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت اور دستیابی معلوم کر سکیں گے۔

November 26, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے جعلی ادویات کی روک تھام اور مستند دواؤں کی فراہمی کے لیے ’محفوظ دوا‘ موبائل ایپ متعارف کرا دی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے شہری دوا کا بارکوڈ اسکین کرکے اس کی اصلیت، سرکاری قیمت اور دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے۔

اسلام آباد میں وزارت قومی صحت کی ایپلی کیشن کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صحت اور تعلیم سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے اور ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی دسترس میں لانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات کے باعث 2011 میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تقریباً 100 مریضوں کی اموات کا المناک واقعہ آج بھی یاد ہے۔ اس واقعے سے سبق سیکھتے ہوئے عوام کی جانوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہے۔

محفوظ دوا ایپ کے 3 اہم فیچرز

محفوظ دوا ایپ میں تین اہم سہولتیں شامل کی گئی ہیں، جن کے ذریعے شہری ادویات کی تصدیق، شکایت اور دستیابی سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں گے۔

ایپ کے ذریعے دوا کا بارکوڈ اسکین کرنے پر صارفین ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان اور نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے ڈیٹا بیس سے منسلک ہو سکیں گے۔ اس طرح چند سیکنڈ میں دوا کی تصدیق ممکن ہوگی۔

مستند دوا کی تصدیق ہونے پر موبائل اسکرین سبز جبکہ تصدیق نہ ہونے پر سرخ ہو جائے گی۔ صارفین اسی ایپ کے ذریعے مشتبہ دوا کے خلاف شکایت بھی درج کرا سکیں گے۔

اس کے علاوہ ایپ کے ڈیش بورڈ میں جی پی ایس کی سہولت شامل ہے، جس سے مختلف مقامات پر ادویات کی دستیابی معلوم کی جا سکے گی۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ دوا ایپ کا بنیادی مقصد انسانی جانوں کو جعلی ادویات سے محفوظ رکھنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دوا ساز صنعت نے پاکستان میں تیار ہونے والی 92 ہزار سے زائد ادویات کا ڈیٹا حکومت کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ نئے نظام کے ذریعے کسی دوا میں خرابی سامنے آنے پر متعلقہ کمپنی، پیداواری مشین اور بیچ تک پہنچنا ممکن ہوگا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس منصوبے کا سافٹ ویئر تقریباً تین ماہ میں تیار کیا گیا، جبکہ دوا ساز کمپنیوں کو نظام میں شامل کرنے کے لیے قانون سازی بھی کی گئی۔

ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ تک

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے خاندانوں کے لیے ادویات خریدنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ صاحبِ حیثیت افراد مہنگے اسپتالوں میں علاج کرا سکتے ہیں، لیکن غریب خاندانوں کے لیے علاج اور ادویات کے اخراجات برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے محفوظ دوا ایپ کی تیاری پر وزیر صحت مصطفیٰ کمال، وزیر آئی ٹی اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا اور وزارت اطلاعات کے تعاون سے اس ایپ کے بارے میں ملک گیر آگاہی مہم چلانے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ معیاری علاج فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور صحت و تعلیم کی سہولتیں تمام شہریوں کو یکساں ملنی چاہئیں۔

متعلقہ مضامین

باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں باچا خان ایئرپورٹ پر حملے کی دھمکی دینے والا مطلوب دہشت گرد تین ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔

November 26, 2026

ایران جنگ کے باعث بحرین دیوالیہ پن کے خطرے سے دوچار ہے، جبکہ سعودی عرب، قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات کی معیشتیں بھی دباؤ کا سامنا کر رہی ہیں۔

November 26, 2026

مولانا فضل الرحمن نے جے یو آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج اور شاہراہیں بند کرنے کی اپیل کردی۔

November 26, 2026

برطانوی راج ختم ہونے کے کئی دہائیوں بعد بھی جنت خاتون کو پنشن ملتی رہی۔ 107 سالہ خاتون کی زندگی ایک منفرد تاریخی داستان ہے۔

November 26, 2026

رائے دیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *