بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد نے کہا ہے کہ 1971 میں بھارت نے بنگالیوں کی مدد کرنے کے بجائے پاکستان کو کمزور کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 برس کے دوران بنگلہ دیش اپنے ہمسایہ ملک کی کالونی بن چکا تھا اور اس کے عوام مشکلات کا شکار رہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ الدین احمد نے کہا کہ 1971 میں بنگالی عوام نے جمہوریت کا مطالبہ کیا تھا، لیکن انہیں ان کا حق نہیں دیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہوگی۔
پی ایم اے کاکول کا دورہ
بنگلہ دیشی سپیکر حافظ الدین احمد نے پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے پاکستان آرمی میں اپنے فوجی کیریئر اور تربیت کے ابتدائی دنوں کو یاد کیا۔
قومی اسمبلی کے مطابق پی ایم اے کاکول پہنچنے پر اکیڈمی کے کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل افتخار حسن چوہدری نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں اکیڈمی کے تربیتی ماحول اور مختلف شعبوں کا دورہ کرایا گیا۔
حافظ الدین احمد نے کہا کہ پی ایم اے کاکول میں گزارا گیا وقت ان کی زندگی کا اہم حصہ ہے۔ وہاں حاصل ہونے والی تربیت اور تجربات نے ان کی شخصیت پر گہرے اثرات مرتب کیے۔

حسینہ واجد واپس آئیں تو جیل جائیں گی
حافظ الدین احمد نے کہا کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے بھارت میں پناہ لے رکھی ہے۔ اگر وہ بنگلہ دیش واپس آئیں تو انہیں جیل جانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے حسینہ واجد کو بنگلہ دیش کے حوالے نہ کیا تو حکومت عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے گی۔ ان کے بقول حسینہ واجد کی وطن واپسی کے اعلانات صرف اپنے کارکنوں کو متحرک رکھنے کے لیے ہیں اور وہ آئندہ 10 برس تک بنگلہ دیش واپس نہیں آئیں گی۔
سپیکر نے عوامی لیگ کو دہشت گرد جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیشی حکومت اس پر پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی عوام جمہوریت پسند ہیں اور کسی بھی قسم کی آمریت برداشت نہیں کرتے۔
مسئلہ کشمیر پر بات
حافظ الدین احمد نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1975 میں بنگلہ دیش میں یک جماعتی نظام متعارف کرایا گیا تھا، جس کے باعث ملک کو حقیقی جمہوریت نہیں مل سکی۔ ان کے مطابق رواں سال فروری میں ہونے والے انتخابات شفاف تھے۔
بنگلہ دیشی سپیکر 23 سے 29 نومبر تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وہ قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔ دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعاون بڑھانا اور ادارہ جاتی تعلقات مضبوط بنانا ہے۔
حافظ الدین احمد نے بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخاب میں بنگلہ دیشی امیدوار کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دیکھیے ؛ جی ایس پی پلس پر سیاست، بھارتی لابیز کا پاکستان مخالف پراپیگنڈا بے نقاب





