پشاور کے باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کی دھمکی دینے والا انتہائی مطلوب دہشت گرد تین ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت خمیم عرف راؤف خیبری کے نام سے ہوئی ہے۔ اس نے چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک دھمکی آمیز ویڈیو جاری کی تھی، جس میں باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کی دھمکی دی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راؤف خیبری سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا اور طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے باڑہ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے دوران راؤف خیبری سمیت چار دہشت گرد مارے گئے۔
حکام کے مطابق علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گردی میں ملوث دیگر عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں بلاتعطل جاری رہیں گی۔





