بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی حالیہ کارروائیوں کو نہ صرف افغان میڈیا نے بھرپور کوریج دی ہے بلکہ ہلاک دہشت گردوں کو واضح طور پر “فتنۃ الہندوستان” قرار دیا ہے۔ افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ اصطلاح مختلف معتبر میڈیا اداروں نے استعمال کی، جن میں آمو ٹی وی، کابل ٹریبیون، افغان انٹرنیشنل اور محاذ شامل ہیں۔

سفارتی حلقوں کے مطابق افغان میڈیا کی جانب سے شدت پسندوں کی اس شناخت کو تسلیم کرنا پاکستان کے مؤقف کی تائید کے مترادف ہے اور اسے ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس پیش رفت سے نہ صرف پاکستان کے سیکیورٹی خدشات کو بین الاقوامی سطح پر تقویت ملی ہے بلکہ خطے میں موجود زمینی حقائق کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ افغان میڈیا کی یہ رپورٹنگ دونوں ممالک کے درمیان موجود تناؤ میں کمی کا باعث بن سکتی ہے اور باہمی اعتماد کی فضا قائم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ پیش رفت اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے زمینی حقائق کو تسلیم کرنا ناگزیر ہوتا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر اس رجحان کو سفارتی سطح پر مؤثر انداز میں آگے بڑھایا گیا تو پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیکیورٹی تعاون اور بات چیت کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں، جو خطے میں دیرپا امن کے قیام کی جانب ایک مثبت قدم ثابت ہو گا۔
دیکھیں: افغانستان اب بھی عالمی دہشت گرد نیٹ ورکس کا اہم مرکز ہے؛ واشنگٹن پوسٹ کا دعویٰ