امریکہ میں عدالت نے الیکشن ڈے پر دہشت گرد حملے کی سازش میں ملوث افغان شہری عبداللہ حاجی زادہ کو 15 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم کے پاس امریکی گرین کارڈ موجود تھا اور اس نے داعش سے وابستگی کے تحت ایک منظم دہشت گرد منصوبے کا حصہ بننے کی کوشش کی۔
حکام کے مطابق عبداللہ حاجی زادہ نے دو اے کے 47 طرز کی رائفلیں اور تقریباً 500 راؤنڈ گولہ بارود حاصل کرنے کی کوشش کی، جبکہ اسے مکمل علم تھا کہ یہ اسلحہ 2024 کے امریکی صدارتی الیکشن ڈے کے موقع پر دہشت گرد حملے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ تفتیش کے دوران شواہد سے ثابت ہوا کہ ملزم کی سرگرمیاں ایک وسیع تر شدت پسند نیٹ ورک سے جڑی ہوئی تھیں۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ اس نوعیت کی سازش نہ صرف عوامی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہے بلکہ جمہوری عمل کو نشانہ بنانے کی کوشش بھی ہے۔ امریکی حکام نے مزید بتایا کہ قید کی سزا مکمل ہونے کے بعد عبداللہ حاجی زادہ کو افغانستان ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔
دیکھیں: ایران میں احتجاجی مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم، چھ افراد ہلاک