افغانستان کے قومی ادارہ برائے شماریات و معلومات نے بتایا ہے کہ ملک میں خوراک کی قیمتوں میں رواں سال ماہِ عقرب (نومبر) کے دوران مجموعی طور پر 2.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق اس دوران پھلوں کی قیمتوں میں 10.3 فیصد، سبزیوں میں 2.1 فیصد، گوشت میں 1.6 فیصد جبکہ اناج کی قیمتوں میں 1.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
شماریاتی حکام کے مطابق قیمتوں میں حالیہ اضافہ سرحدی تجارت میں رکاوٹوں سے بھی جڑا ہوا ہے۔ پاکستان کے ساتھ اہم سرحدی گزرگاہوں کی بار بار بندش، جو افغانستان کی بنیادی تجارتی راہداری ہیں، مقامی منڈیوں میں اشیائے خوردونوش کی رسد میں کمی کا باعث بنی ہے۔
تجارتی سرگرمیوں میں تعطل کے سبب سامان کی ترسیل متاثر ہوئی، جس سے مارکیٹ میں اجناس کی کمی اور نتیجتاً قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔