فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کا اعلیٰ سطحی سرکاری دورہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے کا بنیادی مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔ ترکیہ پہنچنے پر آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیر دفاع یاشار گولر سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی ماحول کے تناظر میں دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
بعد ازاں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو سے ان کی تفصیلی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں افواج کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے مابین عسکری تعاون کے اعتراف میں آرمی چیف کو ترک مسلح افواج کا ممتاز اعزاز ’ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل‘ عطا کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک بری افواج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں کمانڈر جنرل میٹن توکل نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کی مدبرانہ قیادت کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے کثیرالجہتی دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا مظہر ہے۔