وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف سے آج آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات میکائیل جباروف کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ مذکورہ ملاقات میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی شعبوں، معدنیات، سیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات پر غور کیا گیا۔
جانبین نے اقتصادی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے پاکستان۔ آذربائیجان مشترکہ سرمایہ کاری کمپنی کے قیام کی تجویز بھی سامنے لائے جس میں دونوں ممالک شراکت دار کے طور پر شامل ہوں گے۔
توانائی اور تجارتی راہداریاں
اس موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے میں آذربائیجان کی تجارتی دلچسپی کو سراہتے ہوئے آذربائیجان کی معروف کمپنی سوکر کو پاکستان میں تیل و گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے خطے میں اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے اور ٹرانس کیسپیئن انٹرنیشنل ٹریڈ کوریڈور میں آذربائیجان کے کردار کو بھی سراہا۔
دورے کی دعوت
وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جسے دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے تعاون کے نئے دروازے کھولنے والا قرار دیا جا رہا ہے۔ مذکورہ ملاقات میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔
دیکھیں: وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی سیکریٹری علی لاریجانی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق