خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 5 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔ آپریشن کے دوران مارے جانے والے خارجیوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
حکام کے مطابق خوارج ملک کے امن و استحکام کے لیے مستقل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ یہ عناصر خوف و ہراس اور تشدد کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد مسلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ فورسز نے دہشت گردوں کی مذموم منصوبہ بندی کو عملی جامہ پہنانے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا۔ اس کامیاب کارروائی سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ خوارج کو دوبارہ منظم ہونے کا کوئی موقع نہیں دیا جائے گا۔ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ایسے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔
دیکھیے: خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 11 دہشت گرد ہلاک