راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے 71 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات پر زیارت اور گردونواح میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔
شعبان کے علاقے میں خفیہ اداروں نے ‘فتنہ الخوارج’ اور ‘فتنہ الہند’ کے متعدد ٹھکانوں کی نشاندہی کی تھی۔ یہ ٹھکانے مقامی آبادی کے لیے سنگین خطرہ بنے ہوئے تھے۔
فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارت کے حمایت یافتہ 33 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آپریشن کو تیز کرتے ہوئے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مزید 23 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کر کے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس معلومات پر الگ کارروائی کی گئی۔ نوشکی میں ہونے والے آپریشن میں بھارت کے حمایت یافتہ 11 دہشت گرد مارے گئے۔
ایک اور کارروائی مند کے علاقے میں کی گئی جہاں فورسز نے ‘فتنہ الہند’ کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں افغان طالبان حکومت کا ملوث ہونا خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن رہا ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ عزمِ استحکام ویژن کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور سیکیورٹی فورسز ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔