بنوں میں ایف سی لائن پر ہونے والے حملے میں ملوث دوسرا خودکش بمبار بھی افغان شہری نکلا ہے، جس سے سرحد پار دہشت گردی کے روابط مزید واضح ہو گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دوسرے خودکش حملہ آور کی شناخت ملا شبیر احمد عرف مولوی بلال مہاجر کے نام سے ہوئی ہے، جو افغانستان کے صوبہ وردک کے ضلع سعید آباد کے گاؤں عبدالمحی الدین کا رہائشی تھا۔ اس سے قبل ایک اور خودکش بمبار عبدالعزیز عرف قاصد مہاجر کی بھی شناخت ہوئی تھی، جو افغانستان کے صوبہ پکتیکا کے ضلع متہ خان سے تعلق رکھتا تھا۔
یہ حملہ اس وقت شروع ہوا جب دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی ایف سی لائن کی عمارت سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے سے قریبی دکانیں اور عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ حملے میں چھ سکیورٹی اہلکار اور چھ حملہ آور ہلاک ہوئے۔
Alert: One of the suicide bombers in the Bannu FC Lines attack has been identified as an Afghan national. The bomber, Abdul Aziz alias Qassid Mohajir, is a resident of Mata Khan district in Afghanistan's Paktika province. Notably, the bomber had previously released a video… pic.twitter.com/tCEo8609qs
— Mahaz (@MahazOfficial1) September 3, 2025
دلچسپ امر یہ ہے کہ خودکش بمبار عبدالعزیز نے ماضی میں افغانستان کے صوبہ ہلمند میں ایک ویڈیو پیغام بھیجا تھا، جس میں اس نے پاکستان میں خودکش حملہ کرنے کے لیے ٹی ٹی پی سے مدد مانگی تھی۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ دوسرے افغان بمبار کی شناخت سے یہ موقف مزید مضبوط ہوا ہے کہ افغان حکومت دہشت گردوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکنے میں ناکام ہے۔ ماضی میں بھی ایسے حملے حافظ گل بہادر گروپ سے منسوب کیے جاتے رہے ہیں، جو تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا حصہ ہے۔
پاکستان کی وزارتِ خارجہ متعدد بار افغان سفارت کاروں کو طلب کر کے شدید تحفظات سے آگاہ کر چکی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔
اقوامِ متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹی ٹی پی افغانستان میں ایک انتہائی خطرناک تنظیم کے طور پر سرگرم ہے اور افغان باشندوں کو بھی دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال کرتی ہے۔
اس بڑھتے ہوئے تناؤ نے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے ہی کشیدہ تعلقات کو مزید بگاڑ دیا ہے اور یہ معاملہ دوطرفہ مذاکرات کا اہم حصہ بن چکا ہے۔
دیکھیں: ژوب میں سکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری، مزید 14 دہشت گرد ہلاک ہو گئے