خیبر پختونخوا کے ضلع پشاور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا۔
سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے مطابق 23 نومبر کو پشاور ریجن کے علاقے جانے خوڑ میرہ باچا خیل، تھانہ بڈابیر کی حدود میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے ولد الماس، ساکن تیراہ، ضلع خیبر اپنے مسلح ساتھیوں سمیت موجود تھا۔
سی ٹی ڈی کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کی ٹیمیں جدید اسلحے سے لیس ہوکر علاقے میں پہنچیں اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے پوزیشنیں سنبھال لیں۔
محکمے کے مطابق اہلکاروں کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی، جس پر سی ٹی ڈی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔
فائرنگ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے دو سے تین ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 2 پستول، ایک دستی بم، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے۔ فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔





