گلگت اور اسکردو میں تین روز کے لیے کرفیو نافذ کردیا گیا اور امن عامہ کیلئے فوج طلب کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان حکومت نے خطے میں امن و امان کی نازک صورتحال کے پیش نظر گلگت اور اسکردو کے شہروں میں تین روز کے لیے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
آرٹیکل 255 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے حکومت نے دونوں شہروں میں فوج طلب کر لی ہے تاکہ شرپسند عناصر پر قابو پایا جا سکے اور امن عامہ کو برقرار رکھا جا سکے۔
آئی جی گلگت بلتستان اکبر ناصر نے اپنے ویڈیو بیان میں واضح کیا ہے کہ فوج کے ساتھ ساتھ پولیس، رینجرز اور ایف سی کے جوان بھی سڑکوں پر موجود رہیں گے اور اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر صرف جنازوں اور تدفین کے لیے کرفیو میں وقفہ دیا جائے گا۔
آئی جی گلگت بلتستان نے مزید ہدایت کی ہے کہ جنازے اور تدفین میں صرف گلگت کے مقامی شہریوں کو شرکت کی اجازت ہوگی تاہم باہر سے آنے والے افراد یا دیگر اضلاع کے لوگوں کے اجتماع میں شرکت پر پابندی ہوگی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔