ڈیرہ اسماعیل خان میں جگری محسود سمیت 6 افراد کی جان لینے والے خودکش دھماکے کی تحقیقات میں ایک اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق شادی کی تقریب کے دوران خود کو دھماکے سے اڑانے والے حملہ آور کی شناخت عبدالرحمن کے نام سے ہوئی ہے، جو افغان شہری تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ خودکش حملہ گزشتہ روز قریشی موڑ کے قریب ایک شادی کی تقریب میں کیا گیا، جہاں حملہ آور کمرے کے اندر داخل ہوا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے نتیجے میں امن کمیٹی کے رکن اور سابق طالبان کمانڈر وحید اللہ عرف جگری محسود سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں جگری محسود سمیت 6 افراد کی جان لینے والے خودکش دھماکے کی تحقیقات میں اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، تقریب کے دوران خود کو اڑانے والے حملہ آور کی شناخت 'عبدالرحمن' کے نام سے ہوئی ہے جو کہ ایک افغان شہری تھا۔
— HTN Urdu (@htnurdu) January 25, 2026
یاد رہے کہ یہ دھماکہ گزشتہ روز… pic.twitter.com/vQ1xSEEPUu
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد اور شناختی عمل مکمل ہونے کے بعد اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ حملہ آور کا تعلق افغانستان سے تھا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور حملہ آور کے مقامی سہولت کاروں، رابطوں اور معاون نیٹ ورک کی تلاش جاری ہے۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ پاکستان کے اس مؤقف کو مزید تقویت دیتا ہے کہ سرحد پار سے آنے والے عناصر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ سکیورٹی ذرائع نے یاد دلایا کہ حالیہ عرصے میں بنوں، اسلام آباد اور وانا سمیت مختلف علاقوں میں ہونے والے خودکش حملوں میں بھی حملہ آور غیر ملکی شہری تھے، جو سرحد پار دہشت گردی کے خدشات کی واضح تصدیق ہے۔
ادھر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے جبکہ حساس مقامات پر نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام عناصر کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دیکھیں: بنگلہ دیش اور افغانستان آپس میں کپاس اور ادویات کی ٹیکس فری تجارت کریں گے