گزشتہ شب نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی جانب سے نشر کی گئی ایک خبر کو متعلقہ حلقوں نے تصدیق کے بعد غلط قرار دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق معروف فلائٹ ٹریکنگ پلیٹ فارم ‘فلائٹ ریڈار 24’ میں تکنیکی خرابی پیش آئی تھی۔ اس خامی کے سبب طیارے کی اصل لینڈنگ ایئرپورٹ سیالکوٹ کے بجائے مقبوضہ جموں و کشمیر کی حدود میں دکھائی گئی۔ اس غلط اندراج سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ پرواز نے جموں میں لینڈنگ کی ہے۔
معاملے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے فوری رابطہ کر کے وضاحت طلب کی گئی۔ حقائق واضح ہونے پر جیو نیوز کی انتظامیہ کو بھی اصل صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ متعلقہ حلقوں نے چینل کو نشر کردہ خبر کی باقاعدہ وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی۔
دستیاب ریکارڈ کے مطابق دوحہ سے آنے والی مذکورہ پرواز کی حتمی منزل سیالکوٹ ہی درج ہے۔
متعلقہ حلقوں نے میڈیا اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ حساس نوعیت کی خبریں نشر کرنے سے قبل تمام ذرائع سے مکمل تصدیق یقینی بنائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تصدیق کا عمل تکنیکی غلطیوں اور عوامی مغالطوں کے تدارک کے لیے ناگزیر ہے۔
دیکھیے: خیبر پختونخوا میں بدترین گورننس، گورنر راج آخری آپشن ہو گا: فیصل کریم کنڈی