بنوں میں پولیس نے دہشتگردانہ حملہ ناکام بناتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔ تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے شابری بھرت تھانہ منڈان کی حدود میں ناکہ بندی کے دوران پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو موقع پر ہی ہلاک کردیا جبکہ دوسرا دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
مذکورہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کی ہدایت پر ڈی پی او یاسر آفریدی، ایس پی رورل محمود نواز خان، ڈی ایس پی ریاض خٹک سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔ ہلاک شدہ دہشت گرد کی شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے جبکہ علاقے میں زخمی دہشتگرد کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی بنوں اور ڈی پی او نے موقع پر پہنچ کر پولیس ٹیم کی بہادری کو سراہا اور انہیں انعامات سے نوازنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنوں پولیس کی بروقت کارروائی نے بڑا سانحہ ہونے سے بچا لیا ہے۔ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور انہیں ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔
دیکھیں: وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی سیکریٹری علی لاریجانی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق