پاک فوج نے فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے جدید نظام میں دوران پرواز سمت اور راستہ تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 2 کے اس جدید ورژن سے پاک فوج کی دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ میزائل کا منفرد پروازی راستہ اور سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو ناکام بنانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
میزائل کے تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے میزائل کی تیاری میں حصہ لینے والے سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔
صدر اور وزیراعظم کی مبارکباد
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر اور دیگر سروسز چیفس نے میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر نے فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج میزائل کے کامیاب تجربے کو پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔





