خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، بنوں اور ٹانک بدستور بدامنی کی لپیٹ میں ہیں۔ تازہ واقعے میں ضلع بنوں کے تھانہ ہوید کی حدود گلبدین لنڈیڈاک کے علاقے میں مسلح افراد نے امن کمیٹی کے ارکان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نصیب، حامد، ضیاء اللہ اور فوجی کے نام سے ہوئی ہے، جو تمام امن کمیٹی کے فعال ارکان تھے۔ واقعے کی ایک افسوسناک جہت یہ بھی ہے کہ جاں بحق افراد میں باپ اور بیٹا بھی شامل ہیں، جس سے علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت اور محرکات کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
مقامی ذرائع کے مطابق جنوبی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال مسلسل تشویشناک ہے، جہاں ٹارگٹ کلنگ اور مسلح حملوں کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں، جس پر عوام نے سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
دیکھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی پنجاب اسمبلی آمد پر ہنگامے کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل