طالبان سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کی جانب سے اپنے شیخ الاسلام ہونے کے اعلان کے بعد صورتحال یہ ہے کہ وہ بیک وقت امیر المومنین اور شیخ الاسلام ہونے کا دعویٰ رکھتے ہیں۔ عالم اسلام کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب کسی ایک ہی شخص نے اپنے امیر المومنین اور شیخ الاسلام ہونے کا کیا۔ اس حیثیت میں وہ جو کچھ بھی کہیں گے، کریں گے یا نافذ کریں گے، اس کی نسبت اسلام کی جانب ہوگی۔
آنے والے وقتوں میں ملا ہیبت اللہ کے جاری کردہ قوانین اور کیے گئے فیصلے عالم اسلام، اسلامی تعلیمات اور اسلامی طرز حکومت کے خلاف ایک بہت بڑی فرد جرم بن سکتے ہیں، لہٰذا لازم ہے کہ اس موقع پر اس امر کا جائزہ لیا جائے کہ ہیبت اللہ کے جاری کردہ قوانین اور فیصلے اسلام کی نمائندگی کرتے بھی ہیں یا نہیں؟ اس حوالے سے سلسلہ وار ان کے تمام عقائد اور قوانین کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
پس منظر
فروری 2026 کی ایک سرد شام سوشل میڈیا پر معمول کی آوارہ گردی کے دوران ایک خبر نے چونکا دیا کہ طالبان نے سزا کے معاملے میں انسانوں کو چار طبقات میں تقسیم کردیا ہے اور غلامی کو جائز قرار دیا ہے۔ معمول کا پراپیگنڈہ سمجھ کر نظر انداز کیا لیکن پھر ساتھ منسلک پی ڈی ایف پر نظر پڑی جس میں طالبان کے قانون کا مسودہ دیا گیا تھا۔
پشتو تحریر کے جن مقامات کا ترجمہ دیا گیا تھا، ان میں شق 9 میں تعزیر کے ضمن میں معاشرے کی 4 طبقات میں تقسیم کے تحت علما اور اشراف کو سزا سے مکمل استثنیٰ اور ایک دوسری شق میں خواتین سے متعلق قوانین تھے۔ پہلی فرصت میں یقین نہیں آیا کیونکہ طالبان کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت کے باوجود گمان یہی تھا کہ طالبان میں بہت بڑے بڑے صاحب علم موجود ہیں، خود ملا ہیبت اللہ شیخ الحدیث و شیخ القرآن کہلوانا پسند کرتے ہیں، لہٰذا دین سے ایسا کھلا کھلواڑ وہ نہیں کر سکتے۔
تصدیق کے لیے طالبان کی اعلیٰ قیادت میں ایک ذمہ دار سے رابطہ کیا تو اس نے نہ صرف تصدیق کی بلکہ چیف جسٹس آفس سے جاری ضابطہ فوجداری کی اصل اور مستند دستاویز بھی فراہم کردی جس پر سیکریٹری کے دستخط و مہر بھی تھی۔
طالبان کا دعویٰ ہے کہ اکی جانب سے جاری اور نافذ کردہ یہ پہلا ضابطہ فوجداری اور دیگر تمام قوانین فقہ حنفی سے اخذ کردہ ہیں، اس ضابطہ فوجداری میں جابجا فقہی کتب کے حوالے بھی دیے گئے ہیں۔ حیرت ہوئی کہ فقہ حنفی کی بنیاد بھی تو قرآن و سنت ہی ہے، قرآن کی نصوص قطعی کے مقابلے میں کس طرح ممکن ہے کہ فقہ کی کسی بھی کتاب میں یہ ہندوانہ تقسیم پیش کردی جائے، دوسرے یہ کہ فقہ حنفی کم و بیش 11 سو سال سے دنیا کے مختلف ممالک اور خطوں میں نافذ ہے، آج تک کسی ایک جگہ بھی ایسی کوئی تقسیم دکھائی کیوں نہیں دی، جس کا دعویٰ طالبان کر رہے ہیں؟ پھر کہا گیا کہ فتاویٰ الہندیہ عرف فتاویٰ عالمگیری اور فتاویٰ شامی سے یہ قانون لیا گیا ہے۔
سوال یہ ہے کہ بادشاہ اورنگ زیب عالمگیر نے جب اتنا تردد کیا، دنیا بھر سے مفتیان و علما کرام کو ملا نظام الدین کی قیادت میں جمع کرکے فقہ حنفی کے قوانین مرتب کروائے تو اس نے خود یہ طبقاتی نظام نافذ کیوں نہ کیا؟ عالمگیر سمیت مغلوں میں ہزار عیب ہو سکتے ہیں، لیکن ایسی تقسیم کا ان پر الزام کسی مخالف نے بھی نہ لگایا ہوگا۔
بات اتنی ہلکی نہیں کہ نظر انداز کردی جائے، دین کا معاملہ ہے، جو ہم سب کا ہے، بلکہ طالبان کے یہ قوانین دین اسلام پر تہمت کے مترادف ہیں کہ اسلام طبقاتی تقسیم کا قائل ہے۔ لہٰذا خاموشی جرم ہوگی۔ مفتیان کرام اور علما کی ایک ٹیم کی مدد سے طالبانی قوانین کا علمی جائزہ لیا گیا تو سارا بھرم ہی ٹوٹ گیا، طالبان کی علمیت، دین اور شریعت سے تعلق کے نعرے سب کا ملمع اتر گیا، ثابت ہوا تو یہ کہ طالبانی قوانین مکمل طور پر دین سے بغاوت اور دیے گئے حوالہ جات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔
اصولی بات یہ ہے کہ طالبان یا کوئی بھی اور، وہ اپنے ملک میں سیاہ کرے، سفید کرے، جو مرضی قانون لائے، جس کو مرضی مقدس گائے بنائے، ان کی مرضی، لیکن شریعت کے حوالے سے جو تصویر پیش کی وہ ناقابل برداشت ہے، کیونکہ یہ دین اسلام کا حلیہ بگاڑنے اور شبیہہ خراب کرنے کی کوشش ہے۔
اس موقع پر اگر خاموشی اختیار کی گئی تو دنیا طالبان کو نہیں اسلام کو الزام دے گی، اسلام کا چہرہ داغ دار ہوگا، میرے نبی آقا و مولا سیدنا محمد ﷺ کی تعلیمات پر حرف آئے گا۔ لہٰذا خاموشی جرم ہے۔ جہاں معاملہ اسلام اور پاکستان کا آجائے تو روز اول سے اعلان ہے کہ یہ ہماری ریڈلائن ہے۔ کسی سے کوئی لڑائی نہیں، لیکن دین اسلام اور پاکستان کے باغیوں سے کوئی صلح نہیں، کھلی لڑائی ہے، نتیجہ جو بھی نکلے۔
ہیبت اللہ کے پہلے مسودہ قانون کا احتساب
اپنی ریسرچ ٹیم کے ہمراہ فرض کفایہ سمجھ کر طالبان کے اس ضابطہ فوجداری کی ایک ایک شق کا جائزہ لیا گیا، اسے قرآن و حدیث، خلافت راشدہ کے فیصلوں اور فقہ حنفی کے اصولوں پر پرکھا گیا، ثابت ہوا کہ معاملہ صرف ملا ہیبت اللہ کے جاری کردہ ضابطہ فوجداری تک ہی محدود نہیں بلکہ طالبان کا پورا نظام ان کے شریعت کی پاسداری کے دعوؤں سے مطابقت نہیں رکھتا۔
لازم ہے کہ ملا ہیبت اللہ کی تخت نشینی سے لے کر ان کے ہر معاملے کو شریعت کی کسوٹی پر جانچا جائے کیونکہ طالبان جس طرح سے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ شریعت نافذ کر چکے ہیں اور ان کا تمام نظام حکومت کامل شریعت ہے، اس دعوے کا جائزہ نہ لیا گیا تو یہ اسلام کی بدنامی کا سبب بنے گا اور مستقبل میں اسلامی طرز حکومت کے خلاف ایک بہت بڑی چارج شیٹ ثابت ہو گی۔
لازم ہے کہ اس پورے سسٹم کا جائزہ لے کر دنیا کو بتایا جائے کہ یہ طرز حکومت کچھ بھی ہوسکتا ہے لیکن اسلام اور شریعت کی نمائندگی قطعاً نہیں، یقینی طور پر ان کے بعض قوانین اور طرز عمل اسلام کے مطابق بھی ہوسکتا ہے لیکن مجموعی طور پر وہ اسلام کی نمائندگی نہیں کرتے بلکہ ان کا طرز حکومت اور قوانین شریعت کے مزاج اور مقاصد سے متصادم ہیں۔
ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی حکومت امارت اسلامیہ ہے جو فقہ حنفی پر مبنی ہے لیکن حقیقت اس کے یکسر برعکس ہے۔ طالبان حکومت نہ صرف یہ کہ حقیقی طور اسلامی حکومت نہیں بلکہ یہ صریحاً شریعت کی باغی ہے، ان کے اقدامات بتاتے ہیں کہ شریعت کا نام صرف اپنے مفادات اور غاصبانہ اقدامات کو تحفظ دینے کے لیے ہے، بیشتر قوانین اور طرز حکومت قرآن، حدیث، اجماع امت اور اسلامی اصولِ عدل، مساوات، علم اور رحم سے صریحاً متصادم ہے۔
دنیا بھر کے علماء جن میں الازہر، پاکستان، حقیقی افغان علماء اور رابطہ عالم اسلامی ان کے قوانین کو شریعت کی تحریف اور بغاوت قرار دے چکے ہیں۔ جائزہ لیا جائے تو ان کا ہر قانون اور ضابطہ جسے وہ اسلام کی تعبیر بتاتے ہیں، بنیادی طور پر گروپ اور افراد کے مفادات اور اقتدار کے تحفظ کے گرد گھومتا ہے۔
ہیبت اللہ امیرالمومنین یا غاصب؟
ملا ہیبت اللہ خود کو امیرالمومنین قرار دیتے ہیں حالانکہ ان کی حکومت شریعت کے کسی بھی معیار کے مطابق افغانستان کی جائز اسلامی حکومت نہیں، پوری دنیا کے مسلمانوں کے قابل قبول ہونا تو بہت دور کی بات۔
15 اگست 2021 کو طالبان نے افغانستان پر قبضہ کرتے ہوئے ہنگامی حالات کے لیے عبوری حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا تھا اور عالمی برادری سے وعدہ کیا تھا کہ افغان روایات کے مطابق لویہ جرگہ (گرینڈ جرگہ) منعقد کر کے باقاعدہ حکومت قائم کریں گے، اسی لیے تمام وزرا کے لیے عبوری کا لفظ استعمال ہوتا تھا۔
لیکن 2025 میں کسی جرگے یا بیعت کے بغیر ہی اپنی حکومت کو مستقل اور ملا ہیبت اللہ کو امیرالمومنین قرار دے دیا حالانکہ ان کی بیعت خود طالبان کے بھی لوگوں نے مکمل طور پر نہیں کی۔ ایک ایسی حکومت جو بندوق کے زور پر قائم ہو جس میں عوام کی رائے شامل نہ ہو کسی صورت اسلامی امارت کہلانے کی مستحق نہیں۔ یہ مذہب کے لبادے میں ایک مطلق العنان بادشاہت کی ایک صورت ہے جس میں تمام تر حقیقی طاقت کا منبع قندھار میں مقیم ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کی ذات ہے۔
یہ طرز حکمرانی روایتی ریاستی نظم کے بجائے ایک شخصی نظام کی عکاسی کرتا ہے جہاں مذہب کو فقط تسلط کے جواز کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
اسلام میں خلافت اسلامیہ یا شرعی حکومت کے قیام کا واحد راستہ عوامی بیعت ہے، غصب نہیں۔ اس کی سب سے بڑی دلیل خلیفہ اول سیدنا ابو بکرؓ کی خلافت ہے۔ جب تک بیعت منعقد نہیں ہوئی آپؒ نے خلافت نہیں سنبھالی اور اس کے بعد بھی اپنے پہلے خطبے میں فرمایا۔
مَا أَفْعَلُ بِكُمْ إِنْ لَمْ تَرْضَوْا عَنْي۔
ترجمہ: مجھے تم پر حکمران مقرر کیا گیا ہے، تمہاری رضا نہ ہو تو مجھے دلچسپی نہیں۔
دوسری بات یہ فرمائی کہ میں جب تک شریعت پر قائم رہوں اطاعت کرنا ورنہ نہیں (الطبقات ابن سعد، جلد 3، صفحہ 15) جبکہ ہیبت اللہ کا دعویٰ ہے کہ تم مانو یا نہ مانو میں امیرالمومنین ہوں، اور شریعت بھی صرف وہی ہوگی جو ہیبت اللہ کے مطلب کی ہوگی۔
شرعی طور پر یہ جائز حکومت صرف اس وقت ہو سکتی تھی اگر عمومی بیعت کا انعقاد کیا جاتا لیکن امر واقعہ یہ ہے کہ طالبان کی ہیبت اللہ سے بیعت ایک تنظیمی سربراہ کی بیعت تھی حکومت کے لیے نہیں، اس کے لیے لازم تھا کہ وہ بطور حکمران ایک نئی بیعت لیتے لیکن چونکہ جانتے تھے کہ یہ ممکن نہیں تھا، جرگے کا جھنجھٹ ہی ختم کردیا۔
امام ابن تیمیہؓ نے اصول بیان فرما دیا کہ
لَا تُقَرُّ إِمَامَةُ الْمُتَغَلِّبِ إِلَّا لِدَفْعِ افْتِرَاقِ الْكَلِمَةِ۔
ترجمہ: غاصب (عوامی رائے یا بیعت کے بغیر) کی حکمرانی یعنی امامت (حکومت) صرف اس لیے وقتی طور پر برداشت کی جاسکتی ہے کہ جنگ سے بچا جا سکے، اصل میں وہ جائز نہیں۔ (السياسة الشرعية، صفحہ 29)
اسی طرح امام نووی کا قول ہے کہ
وَلَا يَجُوزُ أَنْ يَتَوَلَّى الْإِمَامَةَ مُتَغَلِّبٌ بِغَيْرِ بَيْعَةٍ۔
بیعت اور مشورے کے بغیر قوت سے حکومت حاصل کرنا جائز نہیں۔ (شرح صحیح مسلم، کتاب الامارہ)
امام ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے فرمایا
مَنْ غَلَبَ بِالسَّيْفِ وَتَمَكَّنَ هُوَ غَاصِبٌ لَا إِمَام۔
ترجمہ: جو تلوار سے اقتدار پر قابض ہو وہ غاصب ہے، امام نہیں۔ (فتح الباری، جلد 13، صفحہ 7)
آئمہ فقہ کے اس دو ٹوک موقف کے بعد ہیبت اللہ کے غاصب ہونے میں کوئی شبہ باقی نہیں رہا۔
طالبان طرز حکومت شریعت سے بغاوت
اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، فرد واحد کی غاصبانہ آمریت کو کسی صورت قبول نہیں کرتا بلکہ اسلام کا طرز حکومت شورائیت ہے، آمریت نہیں۔
سورۂ آل عمران کی آیت 159 میں اللہ رب العزت اپنے نبی آقا محمد ﷺ کو حکم دیتے ہیں کہ:
وَشَاوِرْهُمْ فِي الْأَمْرِ ۖ فَإِذَا عَزَمْتَ فَتَوَكَّلْ عَلَى اللَّهِ
(اے حبیبِ والا صفات!) اہم کاموں میں لوگوں سے مشورہ کیا کریں، پھر جب آپ پختہ ارادہ کر لیں تو اللہ پر بھروسہ کیا کریں، بیشک اللہ توکّل والوں سے محبت کرتا ہے۔
سورۂ شوریٰ، آیت 38 میں فرمایا
وَأَمْرُهُمْ شُورَىٰ بَيْنَهُمْ
اپنے فیصلے باہمی مشورہ سے کیا کرو۔
اللہ رب العزت اپنے نبی ﷺ کو بھی مشاورت کا پابند بنا رہے ہیں اور یہی بات شرعی حکومت اور ریاست اسلامیہ کی بنیاد ہے، بعد میں شوریٰ اور آج کے دور میں پارلیمنٹ یا افغان معاشرتی اصولوں کے مطابق جرگہ یا لویہ جرگہ کو فقہاء نے وَأَمْرُهُمْ شُورَىٰ بَيْنَهُمْ کا قائم مقام قرار دیا ہے لیکن طالبان کا طرز حکومت اسلام کے اس بنیادی حکم سے صریحاً بغاوت پر دلالت کرتا ہے جہاں شوریٰ اور مشاورت کا وجود ہی نہیں۔ مکمل طور پر فرد واحد کے فیصلوں پر مشتمل ہے۔
یہاں تک کہ طالبان شوریٰ جو اقتدار میں آنے سے پہلے ہر طرح کے چھوٹے بڑے فیصلوں کا اختیار رکھتی تھی ملا ہیبت اللہ نے اسے بھی عضو معطل بنا رکھا ہے، باوجود اس کے کہ یہ شوریٰ بھی افغان عوام کی نمائندہ نہیں بلکہ افغان طالبان کی بھی نمائندہ نہیں کیونکہ تمام ارکان کا تقرر ملا ہیبت اللہ کی ذاتی پسند ناپسند پر ہے، اس کے باوجود اس سے بھی مشورہ نہ کرنا ہیبت اللہ کی غیر شرعی آمریت کی دلیل ہے۔
یہاں تک کہ جولائی 2024 میں ایک حکم نامے کے ذریعہ ملا ہیبت اللہ تمام وزراء تک کے اختیارات صلب کرچکے ہیں، یہاں تک مقامی پولیس افسر اور صفائی کا عملہ تک ملا ہیبت اللہ کے حکم اور مرضی سے مقرر کیا جاتا ہے جو کہ صریحاً قرآن حکیم کے احکامات، آپ ﷺ کے فرمودات، اور خلافت راشدہ کے طرز عمل سے بغاوت ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ افغانستان میں طاقت، مذہب اور قانون کا جو نیا امتزاج ابھر کر سامنے آیا ہے، وہ محض حکمرانی کا ڈھانچہ نہیں بلکہ ایک ایسا نظام بنتا دکھائی دیتا ہے جس میں ریاستی اختیار مکمل طور پر ایک فرد واحد کے ہاتھ میں مرتکز ہو چکا ہے۔
طالبان کا قانون اور شریعت
طالبان سربراہ ملا ہیبت اللہ نے جنوری 2025 میں ایک حکم نامے کے ذریعہ اپنی حکومت کا پہلا قانونی مسودہ نافذ کیا ہے جس میں خود طالبان شوریٰ، عدلیہ اور دارالافتاء سے کسی قسم کی مشاورت نہیں کی گئی، اس قانون کا نفاذ ہی خلاف شریعت ہے۔
اس کی ایک ایک شق شریعت محمدی سے بغاوت اور اسلام کو بدنام کرنے کے مترادف اور اس بات کی دلیل کہ ملا ہیبت اللہ لوگوں پر اپنا شخصی تسلط قائم کرنے کی خاطر اسلام کا نام بدنام کر رہا ہے۔ یہ قانون صرف سزاؤں کا ضابطہ نہیں بلکہ ایک ایسی شخصی آمریت کی بنیاد ہے جو مذہب کا نام استعمال کرتے ہوئے، مذہب اسلام کے ہی مخالف غیر انسانی اور فرد واحد کی غلامی پر مشتمل ہے۔
اس قانون کے تحت معاشرے کو 4 طبقات میں تقسیم کیا گیا ہے اور صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ہیبت اللہ نے اپنا تسلط قائم کرنے کی خاطر معاشرے کے بااثر طبقات یعنی مولوی، تاجر، قبائلی سربراہان اور کمانڈروں کو جرائم کی کھلی چھٹی دی ہے اور یہ سب شریعت کے نام پر کیا گیا ہے۔
طالبان کے قانون میں یہ طبقاتی درجہ بندی ثابت کرنے کو کافی ہے کہ طالبان رجیم قرآنی آیات، رسول اللہ ﷺ کے احکامات اور خلفائے راشدین رضوان اللہ علیہم اجمعین کے فیصلوں سے کھلی اور اعلانیہ بغاوت ہے۔
اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں بے شمار مواقع پر واضح اور دو ٹوک حکم دیا ہے کہ سوائے تقویٰ کے انسانوں میں کوئی تفاوت نہیں۔ سورۃ الحجرات کی آیت 13 میں فرمایا گیا ہے کہ۔
يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّا خَلَقْنَاكُمْ مِنْ ذَكَرٍ وَأُنْثَىٰ وَجَعَلْنَاكُمْ شُعُوبًا وَقَبَائِلَ لِتَعَارَفُوا ۚ إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِنْدَ اللَّهِ أَتْقَاكُمْ
ترجمہ: اے لوگو! ہم نے تمہیں ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا اور تمہیں قومیں اور قبیلے بنایا تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچانو۔ اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو سب سے زیادہ پرہیزگار ہے۔
یہ آیت واضح طور پر کہتی ہے کہ انسانوں میں برتری صرف تقویٰ اللہ کا خوف اور نیکی سے ہے، نہ کہ نسل، رنگ، قوم یا خاندان سے۔
دوسری جگہ سورہ النساء میں فرمایا گیا
يَا أَيُّهَا النَّاسُ اتَّقُوا رَبَّكُمُ الَّذِي خَلَقَكُمْ مِنْ نَفْسٍ وَاحِدَةٍ وَخَلَقَ مِنْهَا زَوْجَهَا وَبَثَّ مِنْهُمَا رِجَالًا كَثِيرًا وَنِسَاءً۔
ترجمہ: اے لوگو! اپنے رب سے ڈرو جس نے تمہیں ایک ہی نفس سے پیدا کیا اور اسی سے اس کا جوڑا پیدا کیا اور دونوں سے بہت سے مرد اور عورتیں پھیلا دیں۔
مطلب یہ کہ تمام انسان ایک ہی نفس (حضرت آدم علیہ السلام) سے ہیں، اس لیے سب برابر ہیں۔ سورۃ الاسراء آیت 70، سورۃ الحجرات آیت 9 اور دیگر کئی آیات میں اللہ رب العزت نے انسانوں کی برابری اور ان کے درمیان کوئی فرق روا نہ رکھنے کا حکم دیا ہے اور طالبان کی جانب سے معاشرے کو چار طبقات میں تقسیم کرنا قرآن سے بغاوت سے کم نہیں۔
اسی طرح اللہ کے رسول خاتم النیین حضرت محمد ﷺ کی دسیوں احادیث مبارکہ ہیں جن میں تمام انسانوں کو برابر دینے اور کسی قسم کا کوئی فرق برقرار نہ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
حجۃ الوداع کے خطبہ میں جب اسلام کے قوانین حتمی طور پر بیان کیے جا رہے تھے، آپ ﷺ نے فرمایا:
لَا فَضْلَ لِعَرَبِيٍّ عَلَى أَعْجَمِيٍّ وَلَا لِعَجَمِيٍّ عَلَى عَرَبِيٍّ وَلَا لِأَحْمَرَ عَلَى أَسْوَدَ وَلَا لِأَسْوَدَ عَلَى أَحْمَرَ إِلَّا بِالتَّقْوَى
ترجمہ: کسی عربی کو عجمی پر اور عجمی کو عربی پر، کسی سرخ کو کالے پر اور کسی کالے کو سرخ پر کوئی فضیلت حاصل نہیں۔
مطلب کہ سب برابر ہیں، ہر طرح کی برتری کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔ ملا ہیبت اللہ کے جاری کردہ قوانین سے ایک بات ثابت ہوگئی کہ یہ رجیم شریعت کا پابند نہیں، شریعت کا باغی گروپ ہے جو اسلام کا نام لے کر اسلام کو بدنام کرنے کا باعث بن رہا ہے، ان کے جاری کردہ قوانین صرف افغان معاشرے کی تباہی کا سبب نہیں، اسلام کی بدنامی اور توہین کا باعث ہیں۔
دیگر مسالک کے خلاف ظالمانہ قوانین
طالبان قانون کے مطابق فقہ حنفی کے سوا کسی دوسری فقہ کی تبلیغ جرم ہے اور فقہ حنفی پر عمل کرنے والا اگر کسی دوسری فقہ کو اختیار کرے گا تو اسے سزا دی جائے گئی۔ خالصتاً اسلام سے بغاوت ہے، اسلام نے ایسی کوئی کوئی پابندی نہیں لگائی۔ یہ صرف ذاتی مخالفین کو سزا دینے کا بہانہ ہے اور کچھ نہیں۔
اگر یہ قانون شرعیت کا اصول مان لیا جائے تو تمام صحابہؓ امام ابو حنیفہؒ کے سوا تمام آئمہ بھی مجرم قرار پاتے ہیں حالانکہ امام ابو حنیفہ کے شاگرد اور فقہ حنفی کو تحریری شکل دینے والے امام محمد نے خود امام ابو حنیفہ سے بے شمار مقامات پر اختلاف کیا۔
علمی حوالے سے اختلاف صحابہؓ کے درمیان بھی ایک سے زیادہ مرتبہ ہوا جسے آپ ﷺ نے کبھی جرم قرار نہیں دیا بلکہ آپ ﷺ کا فرمان عالی شان ہے:
اخْتِلَافُ أُمَّتِي رَحْمَةٌ۔
ترجمہ: میری امت کا اختلاف رحمت ہے۔ (ابن ماجہ کتاب الفتن، حدیث 4049، صحیح ابن حبان جلد 8، حدیث 4485)
خواتین کے خلاف کارروائیاں، تعلیم و صحت پر پابندیاں
ملا ہیبت اللہ کی شریعت سے سب سے بڑی بغاوت خواتین کے حقوق کی پامالی اور ان کے خلاف سخت قوانین کا نفاذ ہے۔
مارچ 2022 میں 6ویں جماعت سے اوپر طالبات کے سکول بند کردیئے گئے، دسمبر 2022: یونیورسٹیوں اور پرائیویٹ اداروں سے خواتین نکال دی گئیں۔ 2024 میں نرسنگ، مڈوائفری، ڈینٹل، لیبارٹری سائنسز، اور دیگر طبی تعلیم پر مکمل پابندی لگا دی گئی۔ جنوری 2026 میں جاری کردہ قوانین میں خواتین کے خلاف مزید سخت اقدامات نافذ کردیئے گئے۔ یہ تمام طرز عمل اسلام سے کھلی بغاوت ہے۔
2025 تک تقریباً 22 لاکھ لڑکیاں سکول سے باہر، 1 عشاریہ 4 ملین سیکنڈری سطح پر تعلیم سے محروم ہیں۔
خواتین کی صحت کی سہولیات متاثر ہیں، خواتین ڈاکٹرز دستیاب نہیں، مردوں سے علاج کی اجازت نہیں۔ دونوں پابندیاں اسلام سے بغاوت ہیں۔ اسلام کی پہلی وحی ہی اقرا ہے جس میں مرد و خواتین کی کوئی تخصیص نہیں۔
آقا محمد ﷺ کا واضح حکم ہے کہ۔
طلب العلم فریضہ علی کل مسلم و مسلمہ
(علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے۔ سنن ابن ماجہ)
سورۃ نساء کی آیت نمبر 2 میں اللہ کا حکم ہے کہ۔
لَهُنَّ مِثْلُ الَّذِي عَلَيْهِنَّ بِالْمَعْرُوفِ۔
ترجمہ: ان کے لیے وہ حق ہے جو مردوں کے لیے معقول اور جائز ہے۔
حدیث مبارکہ ہے کہ۔
کنْتُ أَتَوَكَّلُ عَلَى خَدِيجَةَ رَضِيَ اللهُ عَنْهَا فِي تِجَارَتِهَات
ترجمہ: میں ﷺ نے اپنی تجارتی ذمہ داریوں کے لیے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا پر مکمل اعتماد کیا۔ حوالہ: بخاری، کتاب الرقاق، حدیث 2070۔
تعلیم اور صحت حتیٰ کہ کسی بھی معاملے میں اسلام نے خواتین پر کوئی پابندی عائد نہیں کی حالانکہ صحابیات کے جنگوں میں جانے کے واقعات مشہور ہیں۔
حدیث کی روایات نقل کرنے میں جہاں سینکڑوں صحابہؓ تھے وہاں سینکڑوں صحابیاتؓ بھی تھیں۔ چودہ سو سال میں آٹھ ہزار محدثات کی تفصیل دستیاب ہے اور ان قابل قدر خواتین کی تفصیل لوفاء فی اخبار النساء نامی کتاب میں دیکھی جا سکتی ہے۔
رسول اللہ ﷺ کی حیات مبارکہ اور خلافت راشدہ کے دور میں 8 صحابیات باقاعدہ طبیب تھیں اور علاج معالجہ کرتی تھیں۔ احادیث میں ان کی تفصیل موجود ہے۔
آپ ﷺ کی تین ازواج سیدہ خدیجہؓ، سیدہ زینب بنت حجشؓ اور سیدہ سودہﷺ اور حضرت ابو بکر کی صاحبزادی سیدہ اسماء بنت ابو بکرؓ سمیت کم از کم 21 صحابیات باقاعدہ بڑے پیمانے پر تجارت سے منسلک تھیں۔
اسلام میں خواتین کس قدر خود مختار تھیں اور تعلیم کے شعبہ میں کردار ادا کر رہی تھیں، اس کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس وقت روئے زمین پر سب سے قدیم یونیورسٹی جو مسلسل کام کر رہی ہے، وہ آکسفورڈ یا کوئی مغربی یونیورسٹی نہیں بلکہ مراکش کی جامعہ القروبین ہے جو ایک مسلم خاتون فاطمہ الفہری نے 859 عیسوی میں قائم کی تھی جو مراکش کے شہر فاس میں واقع ہے۔
یہ ادارہ ابتدا میں ایک مسجد کے طور پر قائم ہوا مگر وقت کے ساتھ ساتھ یہ ایک باقاعدہ تعلیمی مرکز بن گیا جہاں فقہ، ریاضی، فلکیات اور دیگر علوم پڑھائے جانے لگے۔ یونیسکو اور گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق جامعہ القرويين کو دنیا کی قدیم ترین مسلسل چلنے والی یونیورسٹی تسلیم کیا جاتا ہے یعنی دنیا ہمارا سکہ مان رہی ہے، تسلیم کر رہی ہے کہ جب یورپ میں خواتین کو جنس فروختنی اور ملکیت سمجھا جاتا تھا، مسلم خواتین نہ صرف باقاعدہ تجارت کر رہی تھیں بلکہ یونیورسٹیاں قائم کر رہی تھیں۔
دوسری جانب یہ طالبان رجیم ہے جو عورت ہونے کو ہی اس کا جرم قرار دینے پر تلا ہے۔
ہیبت اللہ نہ معلوم کس مذہب کو شریعت قرار دے رہا ہے، ان کے قوانین اسلام نہیں ہیں۔ الازہر کے گرینڈ امام احمد الطیب نے کہا کہ یہ پابندی شریعت کے خلاف اور قرآن سے متصادم ہے۔ سعودی عرب، یو اے ای، ترکی، مسلم ورلڈ لیگ اور افغان علماء (عبدالرحمان عابد، شیخ فقیر اللہ فیق) نے رد کیا۔
دہشت گردوں کی سرپرستی
اسلام میں دہشت گردی اور ناحق قتل کی ہر شکل سختی سے منع ہے۔ قرآن و سنت واضح طور پر انسانوں کی جان کی حرمت کو بنیادی حق قرار دیتے ہیں۔ قتل بغیر حق یعنی دہشت گردی اور ناحق قتل کی ہر شکل اسلام میں حرام ہے۔ حضرت علیؓ اور حضرت عمرؓ نے دہشت گرد اور ناحق قتل کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے۔ دہشت گرد صرف فساد پھیلاتا ہے اور اس کے خلاف شریعت کے احکامات دو ٹوک ہیں۔
سورۃ المائدہ آیت نمبر 32
مَن قَتَلَ نَفْسًا بِغَيْرِ نَفْسٍ أَوْ فَسَادٍ فِي الْأَرْضِ فَكَأَنَّمَا قَتَلَ النَّاسَ جَمِيعًا ۖ
ترجمہ: جو شخص کسی کو قتل کرے بغیر حق کے یا زمین میں فساد کرنے کے لیے، گویا اس نے تمام انسانوں کو قتل کیا۔
یہی حکم مزید کئی آیات میں آیا ہے۔ اسی طرح حدیث مبارکہ ہے کہ۔
مَنْ قَتَلَ نَفْسًا مُسْلِمًا لَا يَسْتَحِلُّهَا إِلَّا بِحَقٍّ فَكَأَنَّمَا قَتَلَ النَّاسَ جَمِيعًا
ترجمہ: جو شخص کسی مسلمان کی جان کو حق کے بغیر ہلاک کرے، گویا اس نے تمام انسانوں کو قتل کیا۔ (صحیح بخاری، کتاب الحدود، حدیث 6875)
مَنْ قَتَلَ نَفْسًا أَبَرًّا بِغَيْرِ حَقٍّ فَلَهُ النَّارُ
ترجمہ: جو شخص کسی بے گناہ کی جان لے، اس کے لیے جہنم کا وعدہ ہے۔ (صحیح مسلم، کتاب الحدود، حدیث 90)
مسلمان تو مسلمان آقا محمد ﷺ نے کافر کو بھی بلا وجہ قتل سے منع فرمایا
لَا تَقْتُلُوا أَهْلَ الْكُفْرِ وَالْمُسْلِمِينَ بِغَيْرِ حَقّ
ترجمہ: حق کے بغیر نہ مسلمانوں اور نہ کافروں کو قتل کرو۔ (ترمذی، کتاب الجہاد، حدیث 1327)
سب سے بڑھ کر اور سب سے واضح اللہ کا قرآن کہتا ہے
إِنَّمَا جَزَاءُ الَّذِينَ يُحَارِبُونَ اللَّهَ وَرَسُولَهُ وَيَسْعَوْنَ فِي الْأَرْضِ فَسَادًا أَنْ يُقَتَّلُوا أَوْ يُصَلَّبُوا أَوْ تُقَطَّعَ أَيْدِيهِمْ وَأَرْجُلُهُم مِّنْ خِلَافٍ أَوْ يُنفَوْا مِنَ الْأَرْضِ ۚ ذَٰلِكَ لَهُمْ خِزْيٌ فِي الدُّنْيَا ۖ وَلَهُمْ فِي الْآخِرَةِ عَذَابٌ عَظِيمٌ۔
ترجمہ: جو لوگ اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کرتے ہیں اور زمین میں فساد پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، ان کی سزا یہی ہے کہ انہیں قتل کیا جائے، یا سولی پر چڑھایا جائے، یا ان کے ہاتھ اور پاؤں مخالف سمتوں سے کاٹ دیے جائیں، یا انہیں ملک سے نکال دیا جائے۔ یہ ان کے لیے دنیا میں رسوائی ہے، اور آخرت میں ان کے لیے بڑا عذاب ہے۔
اس آیت میں خود ’’فساد فی الارض‘‘ کرنے والے ہی نہیں بلکہ اسلامی قانون میں ایسے لوگوں کی مدد، پناہ یا سہولت کاری بھی سنگین جرم سمجھی جاتی ہے۔
فقہاء کے مطابق اگر کوئی گروہ قتل، دہشت پھیلانے یا مسلح کارروائیاں کرے اور کوئی دوسرا فریق انہیں پناہ یا سپورٹ دے تو یہ عمل بھی ’’فساد‘‘ کے زمرے میں آتا ہے۔
قرآن و حدیث کی ان واضح اور دو ٹوک وعیدوں کے ہوتے ہوئے طالبان کا دہشت گردوں کی سرپرستی کرنا، شریعت کی کھلی بغاوت ہے، قرآن و حدیث سے بغاوت ہے۔





