افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار کے حالیہ مؤقف اور مثبت سفارتی اشاروں کو سراہا ہے۔ سراج الدین حقانی نے ایک مجمعے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علما اور مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے افغانستان کے لیے خیرسگالی پر مبنی اقدامات کو خوش آئند ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ بات چیت اور تعاون کے لیے تیار ہے اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کو مشترکہ ذمہ داری سمجھتا ہے۔ حقانی کے مطابق افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی، جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے خیرسگالی کے ان اشاروں اور افغانستان کی یقین دہانی سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے عمل کو تقویت مل سکتی ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے کو مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز اور سفارتی حساسیت کا سامنا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر دونوں ممالک اسی جذبے کے ساتھ رابطے اور تعاون کو آگے بڑھاتے رہے تو نہ صرف باہمی تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ خطے میں پائیدار امن کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔
دیکھیں: افغانستان سے لیبیا تک: پاکستان کی علاقائی حکمتِ عملی