بھارت کی وزارت اطلاعات و نشریات نے تمام ٹی وی چینلز کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں حالیہ واقعات بالخصوص ریڈ فورٹ دھماکے کے بعد سے حساس مواد کی نشرواشاعت میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بھارتی وزارتِ اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متعدد نیوز چینلز مبینہ طور پر مشکوک افراد اور پُرتشدد افراد کو میڈیا پر لارہے ہیں اور دھماکہ خیز مواد بنانے سے متعلق بھی تفصیلات نشر کر رہے ہیں۔ بھارتی وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات قیامِ امن سمیت قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
بھارتی وزیرِ اطلاعات کے مطابق تمام چینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی نشریات میں درج ذیل باتوں کا خاص خیال رکھیں: پروگرامات میں فحش، توہین آمیز اور غلط معلومات شامل نہ ہوں، قومی مخالفت یا قانون شکنی کی ترغیب نہ دی جائے۔ اور ایسی خبریں نشر نہ ہوں جو قومی یکجہتی یا امن کو متاثر کریں۔ اسی طرح کسی بھی مواد سے غیر قانونی سرگرمیوں کی معاونت نہ ہو۔
بھارتی وزارت اطلاعات کے مطابق مذکورہ اقدام میڈیا کے بعض حلقوں کی جانب سے غلط اطلاعات کی نشرکاری کے بعد اٹھایا گیا ہے، جنہوں نے بھارت کو بین الاقوامی سطح پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ سرکاری طور پر یہ ہدایت نامہ نیوز چینلز کے لیے رہنمائی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، تاہم صحافتی حلقوں کا ماننا ہے کہ درحقیقت یہ میڈیا کو خبروں کے انتخاب اور پیشکش میں احتیاط کی واضح تنبیہ ہے۔ وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے اطلاعاتی جنگ کے شعبے میں ممکنہ استحصال کے خطرات کو کم کیا جا سکے گا۔
دیکھیں: پاکستانی ریپر طلحہ انجم بھارتی پرچم لہرانے پر تنقید کی زد میں