برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ فضائی جھڑپ سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں پاکستان کی جانب سے بھارتی فضائی حملے کو ناکام بنانے کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 7 مئی کی آدھی رات پاکستان ایئر فورس کے آپریشن روم میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی جب درجنوں بھارتی جنگی طیارے سرحد کے اس پار متحرک پائے گئے۔ صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو خود کئی روز سے آپریشن روم میں موجود تھے۔
ایئر چیف نے فوری طور پر چینی ساختہ جے 10- سی طیارے فضا میں بھیجنے کا حکم دیا اور دشمن کے رافیل طیاروں کو نشانہ بنانے کی ہدایت کی۔ ایک سینئر افسر کے مطابق ظہیر بابر نے واضح کہا، ’’مجھے رافیل چاہیے‘‘۔
رائٹرز نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے اس کارروائی میں بھارت کے چار رافیل سمیت کل چھ طیارے مار گرائے جب کہ بھارت کی جانب سے اس نقصان کی باضابطہ تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔
ماہرین کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اس جھڑپ میں مجموعی طور پر 110 جنگی طیارے شامل تھے، جسے جدید تاریخ کی سب سے بڑی فضائی جھڑپ قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستانی طیاروں سے داغے گئے پی ایل – 15 میزائل اس کامیابی میں فیصلہ کن ثابت ہوئے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اس کارروائی نے بھارتی انٹیلیجنس کی کمزوری کو بے نقاب کر دیا۔ رافیل کی تباہی کے بعد مغربی ساختہ جنگی ساز و سامان کی قابلیت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں جب کہ پاکستان نے کامیاب الیکٹرانک وار فیئر کا دعویٰ بھی کیا۔
رائٹرز کے مطابق جنگ کے بعد کئی ممالک نے چینی لڑاکا طیاروں میں دلچسپی لینا شروع کر دی ہے جو اس جھڑپ کے اثرات کو عالمی سطح پر ظاہر کرتا ہے۔