اسلام آباد: ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں فریقین نے لبنان کے محاذ پر بھی جنگ بندی کو یقینی بنانے پر اتفاق کر لیا ہے۔
مذاکراتی عمل سے وابستہ باوثوق ذرائع کے مطابق طے پانے والے حالیہ اتفاق رائے میں واضح کیا گیا ہے کہ لبنان پر جاری حملوں کا خاتمہ مجموعی جنگ بندی کا لازمی حصہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا نے اس حوالے سے باضابطہ یقین دہانی کروائی ہے کہ اسرائیل لبنان کی حدود میں مزید عسکری کارروائیاں نہیں کرے گا، جسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اس پیش رفت کے پیچھے حالیہ مذاکراتی کوششیں اور ثالثی کردار اہم رہا، جس میں خطے میں پھیلتی جنگ کو محدود کرنے کیلئے تمام محاذوں پر خاموشی اختیار کرنے پر زور دیا گیا۔
ماہرین کے مطابق اگر امریکا اپنی یقین دہانی پر عملدرآمد کروانے میں کامیاب رہتا ہے تو یہ پیش رفت نہ صرف لبنان بلکہ پورے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے نئی راہیں کھول سکتی ہے۔
تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کی کامیابی کا انحصار آنے والے دنوں میں زمینی صورتحال اور فریقین کے عملی اقدامات پر ہوگا، کیونکہ ماضی میں بھی ایسے معاہدوں کو چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔
دیکھئیے:عالمی امن کی نوید: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اسلام آباد پہنچ گئے، ایرانی وفد پہلے سے موجود