پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عراق کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ ڈاکٹر فؤاد محمد حسین کے درمیان اہم گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عراق کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط ومستحکم کرنے کے لیے نئے راستوں پر غور کیا۔
جانبین نے اعلیٰ سطح کے باہمی دوروں اور روابط کی اہمیت پر زور دیا تاکہ تعلقات کو ہر شعبے میں مستحکم کیا جا سکے۔ اسی طرح باہمی تجارت کے علاوہ عوامی روابط کو فروغ دینے پر بھی اتفاق رائے ہوا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے مابین ہم آہنگی اور دوستی میں اضافہ ہو۔
خیال رہے کہ اسی دن سینیٹر اسحاق ڈار نے پاک۔ ایران تعلقات پر ایک بین الوزارتی اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں مختلف شعبوں میں موجودہ دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا گیا اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نئے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
یہ مذاکرات دونوں ممالک کے درمیان استحکام اور باہمی مفاد کے شعبوں میں مشترکہ کاوشوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار ہیں۔