پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ای کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس کا مرکزی محور مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال اور خطے میں کشیدگی کا خاتمہ تھا۔ دونوں رہنماؤں نے اس نازک موڑ پر عالمی و علاقائی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مشرق وسطیٰ اور وسیع تر خطے میں کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعادہ کیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی تعمیری اور مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کشیدگی میں کمی لانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری اور تمام مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کے راستے کو اپنانے پر زور دیا۔
گفتگو کے دوران جانبین نے دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اقتصادی اور تزویراتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے اپنے مشترکہ عزم کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے دونوں ممالک باہمی رابطے برقرار رکھیں گے۔ یہ رابطہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے میں اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان تزویراتی ہم آہنگی بدستور مستحکم ہے۔