افغانستان میں زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے اسلامی یکجہتی فنڈ (آئی ایس ایف) اور او آئی سی کابل دفتر کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ معاہدہ چند ماہ قبل افغانستان میں آنے والے تباہ کُن زلزلے سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے کیا گیا ہے۔ مذکورہ معاہدے پر اسلامی یکجہتی فنڈ کے ڈائریکٹر محمد بن سلیمان ابا الخیل اور او آئی سی دفتر کابل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سعید العیاش نے دستخط کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس معاہدے کے تحت دونوں تنظیمیں افغان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی معاونت سے امدادی سرگرمیاں شروع کریں گی۔ جس کے تحت متاثرہ خاندانوں کو خوراک، خیمے، کمبل اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں گی۔
اسلامی یکجہتی فنڈ کے مطابق انکا یہ اقدام انسانی ہمدردی کی کوششوں کا تسلسل ہے جس کے تحت مسلم دنیا کے مصیبت زدہ افراد کی مدد اور ان کو سہارا دینا ہے۔ اسلامی یکجہتی فنڈ کے دفتر نے یہ بھی کہا کہ افغانستان سمیت مختلف ممالک میں انسانی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
او آئی سی کے نمائندوں نے اس موقع پر کہا کہ یہ اقدام اسلامی تعاون اور بھائی چارے کا واضح ثبوت ہے مشکل گھڑی میں امت مسلمہ کے بھائی چارے کو مزید تقویت دیتا ہے۔
دیکھیں: افغانستان میں تاپی گیس پائپ لائن پر کام جاری، 14 کلومیٹر تک کام مکمل