اسرائیل کے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف پیشگی حملہ کیا ہے تاکہ ریاستِ اسرائیل کو درپیش خطرات کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے ملک بھر میں خصوصی ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا اور عوام کو ہوم فرنٹ کمانڈ کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی۔
وزیرِ دفاع کے مطابق اسرائیل کو فوری طور پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا ہو سکتا ہے، جس کے پیشِ نظر عوام کو محفوظ مقامات میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب سینیئر امریکی سکیورٹی آفیشل نے بتایا کہ امریکہ بھی اسرائیل کے ساتھ مل کر فضائی حملے کر رہا ہے۔
تہران میں دھماکے، میزائل حملوں کی اطلاعات
ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق تہران کے علاقوں یونیورسٹی اسٹریٹ اور جمہوری ایریا میں کئی میزائل گرے ہیں۔ مغربی تہران میں موجود نمائندوں نے دو زور دار دھماکوں کی آواز سننے کی تصدیق کی ہے، جبکہ شہر کے وسطی علاقوں میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے دفتر کے قریب کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق شہر میں دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے ہیں۔
موجودہ صورتحال کے باعث خطے میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ بڑے تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
اب تک ایران بھر میں تقریباً 30 اہداف پر حملے کیے جا چکے ہیں، جن میں ایرانی رہنما کا گھر اور انقلابی گارڈز کی انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز بھی شامل ہیں۔
اسرائیل میں ملک گیر سائرن، عوام کو محفوظ مقامات کے قریب رہنے کی ہدایت
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں سائرن بجا دیے گئے ہیں اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محفوظ پناہ گاہوں کے قریب رہیں۔ فوج نے ٹیلیگرام پر جاری بیان میں کہا کہ یہ الرٹس ممکنہ میزائل حملوں کے پیشِ نظر جاری کیے گئے ہیں۔ اسرائیل نے فوری طور پر اپنی فضائی حدود ہر قسم کی نقل و حرکت کیلئے بند کر دی ہے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق ہفتہ صبح 8 بجے سے پورے ملک میں “فل ایکٹیویٹی” کو کم کرکے صرف “ضروری سرگرمیوں” تک محدود کر دیا جائے گا۔ اس کے تحت اسکول بند رہیں گے، عوامی اجتماعات پر پابندی ہوگی اور ضروری شعبوں کے علاوہ تمام دفاتر اور کام کی جگہیں بند رہیں گی۔
پاکستان نے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی
دوسری جانب ایران میں حملوں کے بعد پاکستان نے اپنے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایران کے سفر سے گریز کریں۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر وزارت خارجہ نے ایران کے سفر کے حوالے سے یہ ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔
دیکھیے: ایران امریکہ مذاکرات یا متوقع جنگ، ایک تجزیاتی رپورٹ: پارٹ ون