افغانستان کے صوبہ نیمروز میں واقع زرنج ایئر بیس پر مبینہ طور پر جبۂ استقلال کے جنگجوؤں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہاں کھڑا ایک ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق حملہ رات کے وقت کیا گیا اور اس کے نتیجے میں ایئر بیس کے اندر موجود عسکری ساز و سامان کو نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق حملے کے بعد ایئر بیس کے اطراف سیکیورٹی سخت کر دی گئی جبکہ واقعے کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا جا رہا ہے کہ حملہ آوروں نے ایئر بیس کے اندر پارک کیے گئے ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا جس سے وہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
تاہم اس واقعے کے حوالے سے طالبان حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ سیکیورٹی مبصرین کے مطابق نیمروز اور اس کے اطراف کے علاقوں میں حالیہ عرصے میں مختلف مزاحمتی گروپوں اور طالبان فورسز کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔