اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے سرکاری دورۂ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات اور دفاعی تعاون پر اہم پیش رفت ہوئی۔ شاہ عبداللہ کی آمد کے سلسلے میں ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے شاہ اردن کو نشانِ پاکستان سے نوازا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، بلاول بھٹو زرداری اور مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔ تقریب میں قومی ترانوں کی ادائیگی کے بعد شاہ عبداللہ دوم نے صدر آصف علی زرداری کو اردن کا اعزاز آرڈر آف دی رینیسانس پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سے دفاعی تعاون پر گفتگو
شاہ عبداللہ نے دورے کے دوران راولپنڈی میں گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے شاہ اردن اور ان کے وفد کو پاکستان کی دفاعی مصنوعات اور جدید ہتھیاروں سے متعارف کرایا۔ فیلڈ مراشل کی صلاحیتوں اور فاعی خدمات کے اعتراف میں شاہ عبداللہ نے جنرل عاصم منیر کو آرڈر آف ملٹری میرٹ سے نوازا۔
صدر زرداری سے ملاقات
صدر مملکت آصف علی زرداری اور شاہ اردن کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تجارت، ٹیکنالوجی، سلامتی اور خطے میں امن کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور جانبین نے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کو نئی سمت عطا کرے گا۔
دیکھیں: پاکستان اور اردن کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ