کراچی میں پاک فوج کے افسر ظاہر کرکے شہریوں کو دھوکا دینے اور سرکاری کام کرانے کے نام پر رقوم بٹورنے کے الزام میں 2 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی زون نے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ حکام کے مطابق ملزمان خود کو سینئر فوجی اور سرکاری افسر ظاہر کرتے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان فوجی اور سرکاری محکموں میں اثر و رسوخ رکھنے کا جھوٹا دعویٰ کرتے تھے۔ وہ شہریوں کو تبادلوں، تقرریوں اور دیگر سرکاری امور میں کام کرانے کی یقین دہانی کرا کے بھاری رقوم وصول کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت مزمل ولد بدرالدین قریشی اور حمزہ ولد محمد اسلم کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان نے اپنے مبینہ فراڈ میں پاک فوج کے نام اور وقار کا بھی غلط استعمال کیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 114/2026 درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 109 اور پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) ترمیمی ایکٹ 2025 کی دفعات 13، 14 اور 16 شامل کی گئی ہیں۔





