اسلام آباد، 13 جولائی 2025: قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر کشمیری شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے بیان میں کہا کہ “کشمیری شہداء کی قربانیاں تحریکِ آزادی کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہیں۔ کشمیری عوام دہائیوں سے بھارتی ریاستی جبر کے خلاف بے مثال استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔”
انہوں نے زور دے کر کہا کہ “بھارت کی ریاستی دہشت گردی کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی۔ حقِ خود ارادیت کشمیری عوام کا ناقابلِ تنسیخ حق ہے، اور عالمی برادری کو اس حق کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔
سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ پاکستانی پارلیمان نے متعدد قراردادوں کے ذریعے کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔”
یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اسپیکر کے اس بیان نے پاکستان کے موقف کو ایک بار پھر دنیا کے سامنے واضح کر دیا کہ کشمیر کا مسئلہ حل طلب ہے اور کشمیری عوام کی آزادی تک پاکستان کا ساتھ برقرار رہے گا۔
دیکھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم شہدائے کشمیر انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا