کشمیری حریّت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے پاکستان میں اپنے دورے کے دوران نریندر مودی حکومت کو واضح انداز میں پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ‘مودی! کشمیر ایک آتش فشاں پہاڑ ہے جو بہت جلد پھٹنے والا ہے۔’ یہ بیان انہوں نے راولپنڈی کے تاریخی پرانا قلعہ اور بازار کلاں کے دورے کے دوران شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ ‘غازی یاسین ملک تنہا مودی کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے اور تحریک کشمیر کو عام لوگ چلاتے ہیں۔’ انہوں نے مزید کہا کہ ‘آپ سب سٹریٹ فائٹرز ہیں، آج راولپنڈی میں نکلے، ایک زمانے میں یاسین ملک ٹینچ بھاٹہ میں رہتے تھے اور انھیں راولپنڈی سے خاص لگاؤ ہے۔’
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ‘جو تحریک راولپنڈی سے چلے گی، وہ نتیجہ دے گی اور ہمیں کسی چیز کا خوف نہیں۔’ مشعال ملک نے مودی کے نام پیغام میں کہا کہ ‘یاسین ملک حق کی جنگ لڑ رہا ہے، زندہ رہا تو غازی کہلائے گا اور مار دیا گیا تو شہید کہلائے گا، جس پر فخر ہوگا۔’
پس منظر
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب یاسین ملک کے پھانسی کیس کی سماعت 28 جنوری کو مقرر ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ وہ پورے پاکستان میں عوامی رابطہ مہم چلائیں گی اور براہ راست عوام میں آئیں تاکہ مظلوم کشمیری خواتین اور بچیوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
اپنے خطاب کے دوران انہوں نے جذباتی نعرے بھی لگوائے: ‘مودی دہشت گرد ہے، ہندوستان کے سینے سے دس، دس پاکستانی، کشمیر اور بنگلا دیش نکلیں گے۔ کشمیر کی تحریک آزادی زندہ باد، پاکستان زندہ باد۔
دیکھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی پنجاب اسمبلی آمد پر ہنگامے کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل