اسلام آباد: پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر اور آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل عاصم ملک بدستور ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کی ریٹائرمنٹ 4 اکتوبر کو ہونی تھی لیکن ملکی سلامتی اور درپیش چیلنجز کی وجہ سے ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کو ستمبر 2024 میں ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ ان کا تقرر ایک ایسے وقت میں ہوا تھا جب پاکستان سیاسی عدم استحکام اور سلامتی جیسے مسائل سے دوچارتھا۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے اپنی خدمات کے دوران بلوچستان اور وزیرستان میں اہم ذمہ داریاں سنبھالیں نیز انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی تفتیش اور عدالتی کارروائیوں کی نگرانی جیسے فرائض سرانجام دیے۔
اس فیصلے کو ملکی سلامتی کے تسلسل اور موجودہ علاقائی صورت حال کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق سیاسی و عسکری حکام جلد ہی عاصم ملک کی توسیع کے حوالے سے باضابطہ اعلان کریں گے۔
دیکھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کی شہباز شریف اور عاصم منیر سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات